• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ملک کے اکثر علاقوں میں سال کے زیادہ تر مہینوں میں گرمی رہتی ہے اور آب و ہوا بھی گرم مرطوب ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی گھر یا فلیٹ کرائے پر لینے کی بات آتی ہے تو سب ’ویسٹ اوپن‘ کو ترجیح دیتے ہیں۔ گھر کی تعمیر کے وقت بھی عمومی طور پر ویسٹ اوپن کے نظریہ کو مدِنظر رکھا جاتا ہے تاکہ مکین گرمیوں کی شاموں میں ٹھنڈی ہوائوں سے لطف اندوز ہوسکیں۔ لیکن عمومی سوچ کے برعکس، شاید آپ کو گھر کی تعمیر میں کچھ مختلف کرنا پڑے۔ اگر آ پ گھر تعمیر کروانے جا رہے ہیں توآپ کو خود بھی اور آرکیٹیکٹ کو اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ گھر کا ڈیزائن اس طرح کا ہو کہ موسم گرما کے گرم ترین دن آرام سے گزر جائیں۔ اس ضمن میں ہم آپ کی خدمت میں کچھ مشورے پیش کرسکتےہیں۔

گھر کی بنیاد

اپنے گھر کی بنیادیں مشرق سے مغرب کی سمت میں رکھیں تاکہ سورج طلوع اور غروب ہوتے وقت اس کی شعاعیں براہِ راست آپ کے گھر میں داخل نہ ہوںاور آ پ کے گھر کا سامنا کچھ حد تک ٹھنڈی ہوا سے ہو۔ صحن ا ور ڈیک شمال کی سمت بنائیں اور اگر ان پر سایہ ہوتو بہتر رہے گا۔

درجہ حرارت کا اُتار چڑھاؤ

کنکریٹ، اینٹیں، ٹائلز اور پلاسٹر بہت بڑی مقدار میں حرارت کو جذب کرتے ہیں اور آہستہ آہستہ باہر نکالتے رہتے ہیں ۔ اسی وجہ سے صبح سے رات تک گھر کا درجہ حرارت اتار چڑھائو کا شکار رہتاہے۔ گرم مرطوب آب و ہو ا میں حرارت سارا دن جذب ہوتی رہی ہے اور جب رات میں باہر کا درجہ حرارت کم ہوتاہے تو یہ گھر میں ریلیز ہوتی رہتی ہے۔ لہٰذا رات میں جب درجہ حرارت گر جائے تو دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں تاکہ دن کے وقت ان مٹیریل میں جو حرارت جذب ہوئی ہو، وہ باہر چلی جائے۔

انسولیشن

فرش اور دیواروں کی انسولیشن گرمی کو کم کرسکتی ہے۔ انسولیشن کی چار عام اقسام ہیں، جو آپ کے گھر میں گرمی کی شدت میں کمی لاسکتی ہیں:

اسپرے فوم انسولیشن :اس قسم کی انسولیشن اسپرے ہولڈر کی مدد سے کی جاتی ہے۔ گھرکے مخصوص مقامات پرکنٹینرز کے ذریعے اسپرے کیا جاتاہے۔

فائبر گلاس انسولیشن :انسولیشن کی یہ سب سے عام قسم ہے جو رُخنوں یا خالی جگہوں میں لگائی جاتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا سستا ہونا ہے اور یہ گھر میں لگانے کیلئے سب سے آسان انسولیشن بھی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سے آپ کاگھر متاثرنہیں ہوتا۔ فائبر گلاس انسولیشن میں آگ نہیں لگتی اور آپ کا گھر محفوظ رہتاہے۔ اسی لئے زیادہ تر لوگ فائبر گلاس انسولیشن کو ترجیح دیتے ہیں۔

منرل وول انسولیشن :منرل وول انسولیشن کو راک وول انسولیشن بھی کہتے ہیں۔ یہ بھی فائبر گلاس کی طرح ہوتی ہےا ور لگانے میں آسان ہے ۔ یہ تھیلوں میں آتی ہے اور تھیلوںسے مخصوص جگہوں پر براہ راست انڈیل دی جاتی ہے۔ یہ انسولیشن بلند درجہ حرارت کو بھی برداشت کرتی ہے، یہاں تک کہ انسولیشن کی دیگر اقسام کے مقابلے میں1000ڈگری درجہ حرارت بھی برداشت کرلیتی ہے۔ ا س مٹیریل سے انسولیشن کروانے کےبعد گھر بھی سائونڈ پروف رہتاہے۔

سیلولوز انسولیشن :اگر آپ اپنے گھر کی انسولیشن کیلئے ’اورگینک‘ طریقہ ڈھونڈ رہے ہیں تو سیلولوز انسولیشن آپ کیلئے بہترین ہے۔ اس قسم کی انسولیشن زیادہ تر ری سائیکل کیے گئے کاغذوں، خاص طورپر اخبارات سے کی جاتی ہے جبکہ کارڈبورڈ اور دیگر اقسام کے کاغذ بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ یہ مٹیریل پھر کیمیکلزکے ذریعے انسولیشن میں ڈھالا جاتاہے اور یہ انسولیشن گھر کو نمی، گرمی اور کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھتی ہے۔

منعکس کرتی چھت

چھت کو ایسے مٹیریل سے بنائیں جو سورج کی شعاعوں کو جذب کرنے بجائے انہیں منعکس کردے۔ اس کیلئے آپ اپنے گھر کی چھت کو وائٹ میٹل یا وائٹ کنکریٹ ٹائلزسے تیار کرواسکتے ہیں۔ اگر گھر کی چھت پر اس قسم کا انتظام نہ ہو تو اس پر بالا خانہ بنانے یا شیٹ کا سائبان بنانے کی کوشش کریںتاکہ چھت پر سایہ رہے اور چھت کوبراہ راست حرارت جذب نہ کرنا پڑے۔

سائے میں کھڑکیاں

کوشش کریں کہ کھڑکیاں ایسی بنوائیں جن پر سایہ ہو ۔ سایہ قدرتی بھی ہوسکتا ہے یا پھر چھجے بنوائے جاسکتے ہیں تاکہ دھوپ براہ راست کھڑکیوں سے اند ر نہ آئے ۔ کوشش کریں کہ کھڑکیاںشمال جنوب کی طرف بنوائیں تاکہ صبح اور شام کے وقت دھوپ اندر نہ آئے۔

تعمیر پر توجہ

گھر کی تعمیر میں اگر بڑے بڑے رخنے یاخلا ہوگا تو گرم ہوائیں اور دھوپ وافر مقدارمیں اندر آئے گی۔ اس طرح ایئرکنڈیشنرز پر بوجھ پڑے گا ، وہ زیادہ پاور استعمال کریں گے اور بجلی کا بل بھی زیادہ آئے گا۔ ایک مرطوب آب وہوا میں موجود نمی بھی گھر کے دھاتی مٹیریلز کیلئے نقصان دہ ہوتی ہے، اس کیلئے بھی انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وینٹیلیشن

روشن دانوں یعنی وینٹیلیشن کی دو صورتیں ہیں، اگر آپ کا گھر سرد علاقے میں ہے تو وینٹیلیشن ایسی ہوکہ سرد ہوا باہر جائے اور گرم ہوا اند ر آئے اور اگر آپ کا گھر گرم مرطوب علاقے میں ہے تو ایئر کنڈیشننگ سسٹم اس کے برعکس ہو۔ اس سلسلے میں آپ وینٹیلیشن کی کئی اقسام میں سے چند ایک کا انتخاب کرسکتےہیں:

باکس وینٹ  (Box Vent): ڈبے نما اس وینٹ کے حصے حرکت نہیں کرتے بلکہ ایک جگہ قائم رہتے ہیں ،یہ دراصل چھت میں بنے سوراخ پر فکس کردیے جاتے ہیں اوراس کو ڈبے کی طرح کھول بھی سکتے ہیں اور بند بھی کرسکتے ہیں۔

ونڈ ٹربائن وینٹ :اس کے حصے گھومنے والے یا حرکت کرنے والے ہوتے ہیں، یہ بجلی کے بجائے ہوا سے حرکت کرتے ہیں ۔ اگر ہوا تیزاور مستقل چل رہی ہوتو ونڈٹربائن وینٹ زبردست کام کرتاہے اور گھر سے زیادہ گرم ہوا باہر پھینکتاہے ۔

رِج وینٹ (Ridge Vent) :یہ بھی فکس ہوتاہے اوراس کے حصے حرکت نہیں کرتے ۔ ٹربائن یا باکس وینٹ کے برخلاف یہ بہت لمبے اورعمودی انداز میں لگائے جاتے ہیں۔ انہیں لگانا مشکل ہوتا ہے، لیکن اگر یہ درست تناسب میں لگ جائیں تو بہترین ثابت ہوتے ہیں ۔

پاور وینٹ:یہ بجلی سےچلتا ہے اورآپ کے گھرسے گرم ہوا باہر پھینکنے کیلئے اپنے بڑے پنکھوں پر انحصار کرتا ہے۔ یہ بہت سے رنگوں میں دستیاب ہے تاکہ آپ اپنی چھت کے رنگ سے اس کا امتزاج بنا سکیں۔

کپولا وینٹ :یہ بہت دلکش دکھائی دیتے ہیں، یہ عموماً آرائشی نقطہ نگاہ سے استعمال میں آتے ہیں ۔ اسے آپ اونچی دیواروں پر اور تکونی چھت کے دونوں حصوں کے ملنے والی جگہ پر لگا سکتے ہیں ۔

تازہ ترین