• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹھارویں لکس اسٹائل ایوارڈ کی تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے 1977ء میں ریلیز ہونے والی فلم آئینہ کا سپر ہٹ گیت ’’مجھے دل سے نہ بھلانا‘‘ اپنی آواز میں گاکرماضی کی عظیم ہیروئن شبنم کو خراج تحسین پیش کیا اور سب کے دل جیت لیے۔


اس موقع پر موجود معروف فن کاروں، ہنر مندوں، فیشن ڈیزائنرز، نئی نسل کے ماڈلز، سینئر اداکارہ سنگیتا، طیفا ان ٹربل کی ہیروئن مایا علی، لوڈ ویڈنگ کی ہیروئن مہوش حیات، لال کبوتر کی ہیروئن  منشا پاشا، حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم باجی کی ہیروئن میرا جی اور اس فلم کے ڈائریکٹر، ثاقب ملک، شوبز انڈسٹری میں پچاس برس مکمل کرنے والے سینئر ترین فلمی ہیرو ندیم بیگ (جنہوں نے شبنم کے ساتھ کئی سپرہٹ فلموں میں بہ طور ہیرو کام کیا)، عثمان پیرزادہ، ہدایت کار نبیل قریشی، فضا علی مرزا اور اقرا عزیز نے ماضی کی ہیروئن شبنم کو شان دار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا کھڑے ہو کر استقبال کیا۔

دوران پرفارمنس عاطف اسلم اسٹیج سے نیچے اتر آئے اور ندیم، شبنم کی جوڑی کو اپنے ساتھ اسٹیج پر لے گئے۔ اس موقع پر ہال مسلسل تالیوں سے گونجتا رہا۔

شبنم نے عاطف اسلم کے سر پر ہاتھ رکھا اور بہت ساری دعائیں دیں، جب کہ ندیم نے اپنی گفتگو میں لکس اسٹائل کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ لوگوں نے شبنم کو بنگلہ دیش سے پاکستان کی سب سے بڑی شوبز تقریب میں مدعو کر کے ان کی بہترین انداز میں پذیرائی کی۔

اس سلسلے میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اداکار ندیم شام چار بجے سے رات ایک بجے تک تقریب میں موجود رہے اور اپنے شاندار ماضی کی یادیں تازہ کرتے رہے۔

تازہ ترین