• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا سیمی فائنل، بھارت کیخلاف نعرے لگانے والے سکھ شائقین گرفتار

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے ورلڈ کپ 2019ء کے پہلے سیمی فائنل کے موقع پر سکھ شائقین نے خالصتان کے حق میں نعرے بلند کیے اور پرچم لہرا دیے۔

برطانوی پولیس کے مطابق 4 سکھ مظاہرین نے جو ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں ان پر ان کے مطالبات لکھے تھے جبکہ انہوں نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت سے آزادی اور اپنے علیحدہ وطن خالصتان کے قیام کے حق میں نعرے اور مطالبات درج تھے۔

اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ مانچسٹر میں ہونے والے بھارت نیوزی لینڈ میچ کی فضاء کو سیاسی رنگ دینے پر 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

گراؤنڈ میں موجود سیکیورٹی پر متعین اہلکار سکھ شائقین کی جانب سے سیاسی نعرے بلند ہوتے ہی فوری حرکت میں آ گئے اور انہوں نے مظاہرہ کرنے والے افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

حراست میں لیے گئے سکھوں کو ہتھکڑیاں پہنائی گئیں اور اولڈ ٹریفورڈ سے باہر نکال کر کچھ دیر بعد رہا کر دیا گیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور بھارت کا میچ گزشتہ روز بارش سے متاثر ہوا جس کے باعث میچ آج مکمل کیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ادھوری اننگز 211 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر آج پھر سے شروع کرے گی اور باقی رہ جانے والے 3 اعشاریہ 5 اوورز کا میچ آج مکمل کرے گی جس کے بعد بھارت ہدف کا تعاقب کرے گا۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے 46 اعشاریہ 1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے، بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا۔

اگر آج بھی میچ بارش سے متاثر ہو جاتا ہے تو بھارت کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گی۔

تازہ ترین