• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا چوتھا فائنل کھیلنے کے لئے ریزرو ڈے کا انتظار کرنا ہوگا۔منگل کو اولڈ ٹریفورڈ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کا پہلا سیمی فائنل بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکا۔

میچ بدھ کو وہیں سے شروع ہوگا جہاں روکا گیا تھا۔ میچ دوبارہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے ریزرو ڈے بہتر لیکن ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت کی شاندار بولنگ کے باعث 46.1اوورز میں پانچ وکٹ پر211رنز بناسکی تھی کہ بارش شروع ہوگئی۔ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا اور میچ مکمل نہ ہوسکا۔ امپائروں نے پاکستانی وقت کے مطابق را ت ساڑھے دس بجے میچ موخر کرنے کا اعلان کردیا۔

جمعرات کو ایجبسٹن برمنگھم میں دوسرے سیمی فائنل والے دن بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جب کھیل موخر کیا گیا تو راس ٹیلر85گیندوں پر67رنزبناکر کھیل رہے تھے، انہوں نے ایک چھکا اور تین چوکے مارے۔

ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے کم از کم20,20اوورز کا میچ ہونا ضروری ہے۔ ورلڈ کپ قوانین کے مطابق اگر سیمی فائنل اور فائنل ٹائی ہوتے ہیں تو فیصلہ سپر اوورز پر ہوگا۔ اگر سیمی فائنل بارش کی نذر ہوتے ہیں تو لیگ مرحلے میں جس  ٹیم کی پوزیشن بہتر ہوگی وہ فائنل میں کوالی فائی کر لے گی۔

اگر فائنل بھی بارش کی نذر ہوتا ہے تو ریزرو ڈے کے بعد دونوں ٹیمیں ٹرافی کو شیئر کریں گی۔ بھارت 1983، 2003اور 2011میں ورلڈ کپ فائنل کھیل چکا ہے اسے دو ورلڈ کپ(1983اور 2011) جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

نیوزی لینڈ کا یہ ورلڈ کپ کا مجموعی طور پر 8 واں سیمی فائنل ہے۔ اس سے قبل وہ 6 میں ہارا ہے۔ 2015 میں اس نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقاکو شکست دی تھی لیکن فائنل آسٹریلیا سے ہارا تھا۔ منگل کو پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ورلڈ کپ میں مارٹن گپٹل کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا اور یہ میچ بھی ان کے لیے ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا، جہاں وہ صرف ایک رن بنا کر جسپریت بمراہ کو وکٹ دے بیٹھے۔ ہنری نکولس اور کپتان کین ولیمسن نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 68رنز کی شراکت قائم کی۔

تاہم رویندرا جڈیجا نے 28رنز بنانے والے نکولس کی وکٹیں بکھیر کر نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان پہنچایا۔ ولیمسن کا ساتھ دینے تجربہ کار راس ٹیلر آئے اور دونوں نے 65رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

البتہ اس دوران بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سبب نیوزی لینڈ کے بیٹسمین واضح طور پر دباؤ میں نظر آئے اور اسی کے نتیجے میں ولیمسن وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 67رنز کی اننگز کھیلی۔

اس موقع پر اسکور میں تیزی سے اضافے کے لیے جمی نیشام اور پھر کولن ڈی گرینڈ ہوم کو بھیجا گیا، لیکن دونوں ہی بلے باز ناکامی سے دوچار ہوئے۔ بھارتی بولروں نے نپی تلی بولنگ سے نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کو دباومیں رکھا۔ منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ پہلے دن کے ٹکٹ پر دوسرے دن بھی میچ دیکھا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین