• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منگل کی شام جب بارش کی وجہ سے سیمی فائنل ریزرو ڈے میں چلا گیا تو  مانچسٹر سے لندن آتے ہوئے بھارتی تماشائی اس قدر خوش فہمی اور خود فریبی کا شکار تھے کہ ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ تر نوالہ ہے سیمی فائنل کا بقیہ حصہ تو محض رسمی کارروائی ہوگا۔


اتنا کم اسکور تو دو بیٹسمین ہی بنادیں گے۔ چند گھنٹے بعد مایوس بھارتیوں کی آنکھوں سے رواں آنسو یہ بتارہے تھے کہ غرور اللہ تعالیٰ کوپسند نہیں۔ اس معمولی اسکور سے بھارت کو فائنل میں جانے سے روکنا ناممکن ہوگا۔ مانچسٹر پکاڈلی سے لندن کی دو گھنٹے کی ٹرین میں بھارتی شائقین بر ملا یہ کہتے ہوئے سنے گئے کہ اب ورلڈ کپ ہمارا ہے۔

بھارت کو ٹورنامنٹ سے باہر کرکے نیوزی لینڈ نے تہلکہ مچادیا۔ بھارتی تماشائی روتے ہوئے اولڈ ٹریفورڈ سے روانہ ہوئے۔ مرد، خواتین اور بچے بھی اس ہار کوبرداشت نہ کرسکے اور جذباتی ہوکر زار وقطار روتے رہے۔ کچھ روایتی انداز میں اپنے سینئر کھلاڑیوں کو برا بھلا کہہ رہے تھے۔

کچھ ایک دوسرے کو تسلیاں دیتے رہے، ایک بزرگ کوہلی کے لئے کہہ رہے تھے، غضب کیا جو تیرے وعدے پر اعتبار کیا؟  گروپ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں مشکوک انداز میں ہارنے والی بھارتی ٹیم نے پاکستان کو تو ٹورنامنٹ سے باہر کرادیا، لیکن خود انکا تیسری بار ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

گھر کے شیر،مانچسٹر میں ڈھیر ہوگئے۔ پاکستان نے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی، اگر انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا تو پاکستان سے ہارنے والی دونوں ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔ بھارت نے پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ سے روکنے کے لئے جو حربہ استعمال کیا اس کا خمیازہ اسے سیمی فائنل میں بھگتنا پڑا۔

نیوزی لینڈ نے حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا اور بھارت کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

ٹورنامنٹ فیورٹ بھارت کا لارڈز میں 1983کے بعد ایک اور فائنل کھیلنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلے سیمی فائنل میں18رنز سے ہراکر اتوار کو لارڈز کے فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔

بھارتی ٹیم کو دھول چٹا کر نیوزی لینڈ پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے کےلئے مضبوط امیدوار ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ پر موجود چند ہزار اور دنیا بھر میں کروڑوں بھارتیوں نے میچ سے قبل ہی اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچادیا تھا۔نیوزی لینڈنے بارش سے متاثرہ میچ میں پہلےبیٹنگ کرتے ہوئے8 وکٹ پر239رنز بنائے۔

جواب میں نیوزی لینڈ کے پیس اٹیک نے ٹورنامنٹ میں پہلی بار بھارتی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کے لئے مشکلات پیدا کیں اوربیٹنگ لائن کی کمرتوڑ دی۔ رویندرا جڈیجا اور آخری ورلڈ کپ کھیلنے والے مہندر سنگھ دھونی نے مزاحمت کی لیکن بھارتی ٹیم تین گیندیں پہلے مایوس کن انداز میں221رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔

تازہ ترین