’’الٰہ دین‘‘ بچوں کے پسندیدہ کارٹون کرداروں میں سے ایک ہے۔ 1992ء میں امریکی فلم پروڈکشن کمپنی ڈزنی کی کامیاب اینیمیٹڈ مووی ’’ الٰہ دین‘‘بچوں میں اتنی مقبول ہوئی کہ سینما تو سینما، بچوں کے کھیلوںمیں بھی کہیں کوئی جن ’ ’جینی‘‘ کا کردار نبھاتاتو کوئی پرنسز جیسمین کایا پھر کوئی من پسند کردارالٰہ دین۔ کئی برسوں بعد ڈزنی نے ایک بار پھر اپنی کامیاب کارٹون فلمز '’’سنڈریلا‘‘ اور’’ 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘‘ کے ایکشن لائیو ری میکس کی طرح طلسماتی واقعات پر مبنی فلم ’’الٰہ دین‘‘ کو بھی ایک نئے ورژن کے ساتھ پیش کیا ہے، خوش قسمتی سے ڈزنی کے اس لائیو ایکشن ری میک نے بچے تو بچے، بڑوں کے دل بھی جیت لیے ہیں۔
فلم کی کہانی
ہالی ووڈ کی مشہور فلم پروڈکشن کمپنی ڈزنی کے مطابق ، شائقین کی پرزور فرمائش پر 1992ء کی مشہور زمانہ کارٹون فلم ’’الٰہ دین‘‘ کو حقیقت کے رنگ میں ڈھالنے کا سوچا گیا۔ فلم کو شائقین کےلیے مزید دلچسپ بنانے کے لیے اسے لائیو ایکشن ری میک میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گائے ریچی کی ہدایت میں بننے والی فلم کی کہانی ایک ایسے جن کے گرد گھومتی ہے جو ایک چراغ میں قید تھا۔ جفار کی جانب سے امیر ہونے کا جھانسہ ملنے کے بعد الٰہ دین اسے پہاڑوں سے ڈھونڈ نکالتا ہے۔ تلاش کے بعد جب الٰہ دین اس چراغ کو ہاتھوں سے رگڑتا ہے تو ایک جن پلک جھپکتے ہی نمودار ہوتا ہے اورچراغ رگڑنے والے شخص سے اس کی خواہش پوچھتا ہے ۔جن جادوئی قالین پر سوار ہو کر آسمانوں پر سفر کرتے ہوئے اپنے آقا کا ہر حکم بجالاتا ہے۔ فلم اس بار بھی، بچوں اور بڑوں دونوں میں ہی بے حد مقبول ہوئی ہے، ساتھ ہی ناقدین کے مثبت ریویوز بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ فلم میں موجود تمام تر اداکاروں کی کارکردگی کو بھی بہترین انداز میں سراہا گیا ہے۔
وِل اِسمتھ کے کیریئر کی ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم
ایڈونچر سے بھرپور نئی لائیو ایکشن فینٹسی فلم ’’الٰہ دین‘‘ ہالی ووڈ کے بہترین اداکاروں میں شمار ہونے والے وِل اسمتھ کے کیریئر کی سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔ وِل اسمتھ اپنی اس فینٹسی فلم کے حوالے سے ویسے تو شروع سے ہی پُرجوش تھے لیکن جب یہ فلم گہری رنگت والے اس اداکار کے کیریئر میں نئے سنگِ میل طے کرنے میں کامیاب ہوگئی تو اس بات کا اعلان وِل استھ نے بذات خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔ وِل اسمتھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام کے ذریعے فلم بینوںاور پرستاروں کو خوشخبری سنائی کہ عالمی باکس آفس پر فلم ’’الٰہ دین‘‘ 874.2ملین امریکی ڈالر (فلم اب بھی دنیا بھر کے کئی سنیما گھروں میں دِکھائی جارہی ہے) کا شاندار کاروبار کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ وِل اسمتھ کا ویڈیو پیغام میں اپنے پرستاروں سے مزید کہنا تھا، ’’الٰہ دین میرے کیریئر کی سب سے کامیاب فلم بن گئی ہے۔اس انتہائی خوشی کے موقع پر میں صرف ایک لفظ ہی اداکروں گا اور وہ ہےشکریہ‘‘۔ فلم میں بچوں کے پسندیدہ کردار جن ’جینی‘ کا کردار وِل اسمتھ نے ادا کیا ہے۔
وِل اسمتھ کی دیگر کامیاب فلمیں
’’الٰہ دین‘‘ سے پہلے وِل اسمتھ کی کامیاب ترین فلم کا اعزاز فلم ’اِنڈیپینڈنس ڈے‘ کو حاصل تھا، جس نے عالمی باکس آفس پر مجموعی طور پر 817.4ملین ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔ تاہم ’’الٰہ دین‘‘ اب تک عالمی باکس آفس پر 874.2ملین ڈالر کا کاروبار کرکے ’’انڈیپینڈنس ڈے‘‘ سے یہ اعزاز چھین چکی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’الٰہ دین‘‘ کی اب بھی دنیا بھر کے کئی سنیما گھروں میں نمائش جاری ہے اور ناقدین کو توقع ہے کہ یہ فلم عالمی باکس آفس پر 900ملین ڈالر تک کا بزنس کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ وِل استھ کی دیگر کامیاب ترین فلموں میں ’’سوئی سائیڈ اسکواڈ‘‘ (746.8ملین ڈالر)، ’’ہین کاک‘‘ (624.4ملین ڈالر) اور ’’مین اِن بلیک III( 624ملین ڈالر) سرفہرست ہیں۔
مرکزی کردار ’’الٰہ دین‘‘ کے بجائے’’ جینی‘‘
الٰہ دین کے لائیو ایکشن ری میک سے متعلق ناظرین یہ سمجھ رہے تھے کہ مرکزی کردار الٰہ دین (مینا مسعود) کا ہوگا لیکن فلم کے آخر میں دیئے گئےکریڈٹس میں مرکزی کردار، فیورٹ کیریکٹر ’’جینی‘‘ کا آتا ہے، جسے ہالی ووڈ کے مقبول اداکار وِل اسمتھ نے نبھایاہے۔ وِل اسمتھ اس فلم میں کام کرنے والے فنکاروں میں سب سے بڑا نام ہیں۔ فلم میں وِل اسمتھ کا کردار غیرمعمولی اور حیرت انگیز صلاحیتوں کے مالک جن کا ہے جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں ہیرو ہیروئن کے علاوہ نومان ایکر، نسیم پیڈریڈ، ہتین پاٹیل اورایڈم کولن سمیت کئی فنکارشامل ہیں ۔
وِل اسمتھ، کیریئر کی بلندیوں پر
مشہور اداکار، ہدایت کار اور پیشکار وِل اسمتھ ہالی ووڈ انڈسٹری کا ایک بڑا نام ہیں، وہ اب تک زندگی کی 50بہاریں دیکھ چکے ہیں۔ وِل اسمتھ نے 1980ء میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور کئی مشہور فلموں میں بطور بہترین اداکار کہلائے۔ اب تک انہیںکئی ایوارڈسے بھی نوازاجاچکا ہے۔ ان کی کامیاب فلموں میں”مین اِن بلیک، آئی ایم لیجنڈ، سیون پاونڈز اور بیڈ بوائز“ جیسی مشہور اور شاندار فلمیں شامل ہیں۔ وِل اسمتھ نہ صرف ایک سپر اسٹار ہیں بلکہ ایک کامیاب یوٹیوب اسٹا ر بھی ہیں، جہاں ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 5,570,447 سے تجاوز کرچکی ہے۔