• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دائرۃ البروج میں ہر برج کی اپنی اپنی مختلف اور منفرد خصوصیات ہوتی ہیں۔ اسی طرح، برج سرطان سے تعلق رکھنے والے افراد تعلقات میں جذبات، گہرائی، سنجیدگی اورسچائی کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ برج سرطان کے زیرِ اثر پیدا ہونے والے افراد دیگر بروج کے حامل افراد کے ساتھ تعلقات میں کس قدر مطابقت رکھتے ہیں۔

سرطان اورحمل

برج سرطان آبی مزاج رکھتا ہےجبکہ حمل آتشی مزاج کا حامل ہوتا ہے۔ سرطان اپنے ماضی سے مضبوطی سے جڑے ہوتے ہیں اور کسی کی مداخلت پسند نہیں کرتے۔ سرطان کی عادت ہوتی ہے کہ وہ ناخوشگوار واقعات کو جذباتی ہوکر دُہراتا رہے اور بعض اوقات ہٹ دھرمی کا مظاہرہ بھی کرتا ہے۔ سرطان کے برعکس حمل ترقی پسند ہوتا ہے۔ اس تعلق کو کامیاب بنانے کے لیے سرطان کو قربانیاں دینا ہوں گی۔

سرطان اور ثور

آبی مزاج سرطان کے مقابلے میں ثور خاکی مزاج کا حامل برج ہے۔ اس لحاظ سے ان دونوں کی شخصیت میں مطابقت بنتی ہے، تاہم تعلق میں کامیابی کے لیے انھیں ایک دوسرے کی نفسیات کو سمجھنا ہوگا۔ انھیں ایک دوسرے پر اعتماد کرنا اور باہمی تعلق میں شفافیت پیدا کرنا ہوگی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ ضروری ہے کہ وہ ایک دوسرے سے اپنی کوئی بات نہ چُھپائیں۔

سرطان اور جوزا

آبی مزاج سرطان کے مقابلے میں جوزا ہوائی مزاج کا حامل برج ہے۔ سرطان کو گھر اور گھریلو زندگی یعنی ٹھہراؤ پسندہوتا ہے جبکہ جوزا گھر سے باہر رہنا پسند کرتا ہے۔جوزا جدت پسند جبکہ سرطان اپنی روایات سے جڑا رہنا پسند کرتا ہے۔ مزاج میں اس فرق کے باوجود اگریہ دونوں بروج رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں تو اچھی زندگی گزار سکتے ہیں۔

سرطان اور سرطان

اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے مرد اور عورت، دونوں سرطان برج سے تعلق رکھتے ہوں تو وہ اپنے تعلق اور رشتے کو خوشگوار بناسکتے ہیں۔ ایک ہی برج سے تعلق رکھنے کے باعث یہ دونوں ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے اور ذہنی صلاحیتوں کو جانچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تاہم ایک ہی مزاج رکھنے کے باوجود کوئی اختلاف پیدا ہونے کی صورت میں دونوں ضدی اورہٹ دھرم بن جاتے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ دونوں ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔

سرطان اور اسد

آبی مزاج سرطان کے مقابلے میں اسد آتشی مزاج کا حمل برج ہے۔ اگر ان بروج سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورت رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں تو ان کا باہمی لڑائی جھگڑاجاری رہتا ہے، جس سے بچنے کے لیے انھیں صبر و تحمل اور درگزر کے جذبے سے کام لینا ہوگا۔ اولاد ان دونوں کے لیے بخت اور دولت لے کر آتی ہے اور ان کا گھر آباد رہتا ہے۔

سرطان اور سنبلہ

آبی مزاج سرطان کے مقابلے میں سنبلہ خاکی مزاج کا حامل برج ہے۔ سرطان جذباتی جبکہ سنبلہ عملیت پسند ہوتا ہے، جس وجہ سے اس تعلق میں جذباتی طور پر سرطان خودکو ادھورہ محسوس کرتا ہے۔ اس تعلق کو کامیابی بنانے کے لیے دونوں فریقین کو ایک دوسرے کو تھوڑا وقت دینا اور صبر سے کام لینا ہوگا۔

سرطان اور میزان

میزان برج کا مزاج ہوائی ہوتا ہے۔ اپنےمزاج کے عین مطابق، میزان انتہائی آزاد طبیعت رکھتا ہے۔ اس وجہ سے وہ سرطان کی روایت پسندانہ اور گھریلو عادتوں کو زیادہ عرصہ برداشت نہیں کرسکتا۔ یہ ایک دوسرے کی مختلف مزاجی اور کوتاہیوں کو نظرانداز کرکے باہمی ضروریات اور خواہشات پوری کرنا سیکھ لیں تو ان میں پیار و محبت کا جذبہ پیدا ہوسکتا ہے۔

سرطان اور عقرب

یہ دونوں آبی مزاج کے حامل بروج ہیں۔انھیں باہمی جذبات اور احساسات کا خیال رکھنا چاہیے۔ مزید برآں، عقرب اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث سرطان کے قنوطیت کے دوروں کا مقابلہ کرسکتا ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے بہترین جیون ساتھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

سرطان اور قوس

آتشی مزاج کا حامل قوس اور سرطان اگر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں اور دونوں اپنی فطری خامیوں پر قابو پاکر باہمی ازدواجی تعاون اور پیار کا جذبہ پیدا کرلیں تو یہ ایک ساتھ خوشگوار زندگی گزار سکتے ہیں۔ یہ سب ممکن بنانے کے لیے دونوں فریقین کو اپنے اپنے طور پر قربانی دے کر تعلقات کو بہتر رکھنا ہوگا اور اس طرح وہ اچھی ازدواجی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔

سرطان اور جدی

ان دونوں بروج میں کئی باتیں مشترک ہونے کے باوجود ان کے ازدواجی تعلق کا نباہ اور دوستانہ تعلقات مشکوک رہتے ہیں۔ ان دونوں بروج کی ایک مثبت اور نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ مقصد کے حصول تک محنت اور جدوجہد جاری رکھتے ہیں۔درحقیقت جدی، سرطان کے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتا ہے۔

سرطان اور دلو

ان دونوں بروج کی فطرت اور مزاج میں بڑا فرق پایا جاتا ہے۔ آزاد خیال دلو، سرطان کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا، جس وجہ سے اکثر ان کے ازدواجی تعلق میں نااتفاقی رہتی ہے۔ اگر برج دلو کا حامل فریق، سرطان کے مزاج کو سمجھ کر فیصلے کرے تو یہ تعلق کامیاب ہوسکتا ہے۔

سرطان اور حوت

یہ دونوں بروج آبی مزاج رکھتے ہیں۔ اس لحاظ سے یہ دونوں ایک اچھی ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔ چاہے وہ اپنے گھر پر فخر کرنے کی بات ہو یا دوستوں پر ناز، دونوں ہی ازدواجی زندگی میں مل کر ایک دوسرے کے جذبات کی خوب تسکین کرتے ہیں۔ یہ دونوں ایک دوسری کی خوشی اور غم میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔

تازہ ترین