• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ میں انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم خطرنا ک ہے، اس لئے اسے کمزور حریف تصور نہیں کرتے، پرجوش ماحول میں انگلینڈ جیتے گا تو انگلش کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔


ہفتے کو لارڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مورگن نے کہا کہ لارڈز میں اپنے لوگوں کو فائنل جیت کر خاص تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ ہمیں ہوم ایڈوانٹیج ہے اور27سال بعد لارڈز میں فائنل کھیل رہے ہیں، ٹورنامنٹ کافائنل جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ہمیں اس ٹورنامنٹ میں اپنےلوگوں کی جانب سے زبردست سپورٹ ملی ہے ،اسی سپورٹ کے تحت عالمی چیمپئن بننا چاہتے ہیں۔

انگلش کپتان نےکہا ہے کہ گذشتہ چار سال کی محنت رنگ لارہی ہے، ہمارے پاس خاص موقع ہے، پوری ٹیم چاہتی ہے کہ ہوم تماشائیوں کےلئے کچھ خاص کریں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی دو بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے میدان میں اتریں گی۔ گذشتہ پانچ ہفتوں میں ہم نے بہترین کرکٹ کھیلی ہے۔ نیوزی لینڈ کو ہرانے کے لئے ہمیں آسٹریلیا جیسی کارکردگی دکھانا ہوگی۔ نیوزی لینڈ کا شمار خطرناک ٹیموں میں ہوتا ہے۔ ہر کھلاڑی نے ٹیم کو فائنل تک لانے میں کردار ادا کیا۔

ایک سوال کے جواب میں مورگن نے کہا کہ فائنل الیون میں گیارہ کھلاڑی ہی آسکتے ہیں ہر کوئی ٹیم میں نہیں آسکتا اس وقت جیت کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ لارڈز میں ہائی اسکورنگ میچ نہیں ہوتے، اس لئے ہائی اسکورنگ میچ کی توقع نہیں ہے۔

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو چالیس لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔ لارڈز میں فائنل کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ کپ کا میلہ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ فائنل ہارنے والی ٹیم بیس لاکھ ڈالرزکی حقدار ہوگی۔ پاکستان ٹیم کو تین لاکھ ڈالرز ملے ہیں۔

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لئےدس ملین ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہوا ہے۔ سیمی فائنل ہارنے والی بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کو8,8لاکھ ڈالرز دیئے گئے ہیں جبکہ ہر ٹیم کو لیگ میچ جیتنے پر چالیس ہزارڈالرزملے ہیں۔

پاکستان ٹیم نے پانچ گروپ میچوں میں کامیابی حاصل کی اس لئے پاکستانی ٹیم کو دو لاکھ ڈالرز ملے ہیں۔پاکستان سمیت چھ ٹیموں نے لیگ مرحلے کے بعد واپسی کا ٹکٹ کٹوایا ہے۔ان ٹیموں کو مزید ایک ایک لاکھ  ڈالرز ملیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹورنامنٹ سے ہونے والی آمدنی کا الگ سے شیئر ملے گا۔

تازہ ترین