• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوڈیل پر بریگزٹ سے ہزاروں افراد ملازمتوں سے محروم ہوجائیں گے، گریگ کلارک

لندن (نیوز ڈیسک) وزیر تجارت گریگ کلارک نے کہا ہے کہ کسی ڈیل کے بغیر بریگزٹ کی صورت میں ہزاروں افراد ملازمتوں سے محروم ہوجائیں گے۔ گریگ کلارک ان سینئر وزرا میں شامل ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ بورس جانسن کے برسر اقتدار آنے کی صورت میں حکومت چھوڑ جائیں گے۔ گریگ کلارک نے اپنے پارلیمنٹ کے ساتھیوں پر زور دیا ہے کہ وہ نوڈیل سے بچنے کی بھرپور کوشش کریں۔ انھوں نے یہ انتباہ ایسے وقت دیا ہے، جب ہائوس آف لارڈز کے ارکان نے حکومت کے قانون میں ایک ترمیم پیش کی ہے، جس کے تحت بورس جانسن ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے نوڈیل رکوانے سے بچنے کیلئے موسم خزاں میں پارلیمنٹ کا اجلاس ملتوی نہیں کراسکیں گے۔ انڈیپنڈنٹ کے مطابق اس بات کی بھی خبریں ہیں کہ چانسلر فلپ ہیمنڈ بھی وزیراعظم تھریسا مے کی رخصتی کے ساتھ ہی رخصت کردیئے جائیں گے۔ اخبار کے مطابق اگر نئے وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کیلئے دارالعوام کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی تو پھر ارکان پارلیمنٹ دھرنا دیں گے۔ ہف پوسٹ ویب سائیٹ اور آئی نیوز پیپر نے اطلاع دی ہے کہ چانسلر نے اپنے ساتھیوں سے کہا ہے کہ اگر بورس جانسن نے ملکہ کو دارالعوام کا اجلاس ملتوی کرنے کی سفارش کی تو بھی اسپیکر جان برکائو، اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ اور ٹوری پارٹی کے باغی ارکان چیمبر میں بحث جاری رکھنے پر زور دیں گے۔ ٹوری پارٹی کے صف اول کے رہنمائوں نے اجلاس ملتوی کرنے کے امکان کو رد نہیں کیا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم جان میجر نے متنبہ کیا ہے کہ اگر بورس جانسن نے ایسا کیا تو وہ عدالتی کارروائی کریں گے۔
تازہ ترین