• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روزانہ ایک دو لاپتہ افراد کی بازیابی باعث فخر ہے،بی این پی

کوئٹہ(آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لقمان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تاریخ شہداسے بھری پڑی ہے، مادر وطن کے جوانوں نے ہرقسم کی یلغار اور ظلم وجبر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا حتی کہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہداکی زندگیاں اور قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اگر ہم حقیقی معنوں میں منزل مقصود حاصل کرنا چا ہتے ہیں تو شہداکی جدوجہد کو مد نظر رکھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔ ملک کی 72 سالہ تاریخ میں بلوچستان کے عوام کیساتھ جو ناروا سلوک رو ا رکھا گیا وہ انتہائی قابل افسوس ہے، بلوچستان معدنی ذخائر سے مالا مال ہونے کے باوجود تمام صوبوں سے پسماندہ اور غریب ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں ہر فورم پر بلوچستان کی محرومیوں کو اجاگر کیا، موجودہ دور میں بھی سردار اختر مینگل نے وزارتوں کو ٹھکرا کر چھ نکات جو بلوچستان کے جملہ مسائل کا حل ہیں کو ترجیح دی اور حکومت سے ان کے حل کا مطالبہ کیا، آج بلوچستان نیشنل پارٹی کے ہر ورکر کا سر فخر سے بلند ہے کہ تقریبا روزانہ کی بنیاد پر ایک دو لاپتہ افراد بازیاب ہو رہے ہیں ہمیں عوام کو اس سے بڑھ کر اور کیا خوشی حاصل ہو سکتی ہے کہ وہ بر سوں بعد اپنے بچھڑے ہوئے پیاروں سے مل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج 15جولائی سہ پہر4 بجے پریس کلب کوئٹہ میں شہید گل زمین حبیب جالب ‘ شہید ورنا آغا نوروز بلوچ اور شہداء بلوچستان کے حوالے سے ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا جائیگا جس میں تمام مکاتب فکر اور مادر وطن کے شہدا سے عقیدت رکھنے والوں سے اپیل ہے کہ وہ اس تعزیتی ریفرنس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔
تازہ ترین