کراچی کے نئے پولیس چیف غلام نبی میمن نے 1991 میں پولیس سروس میں بطور اے ایس پی شمولیت اختیار کی۔ انہیں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر ستارہ امتیاز اور تمغہ شجاعت سے نوازا جاچکا ہے۔
غلام نبی میمن اپنی ملازمت کے ابتدائی پانچ برس پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعنیات رہے۔ وہ بطور ایس پی اور ایس ایس پی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
وہ سندھ کے ضلع گھوٹکی، خیرپور، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں ایس ایس پی بھی تعنیات رہے۔ غلام نبی میمن نے ڈائریکٹر انکوائری اینڈ اینٹی کرپشن بھی خدمات انجام دیں۔
وہ 2009 میں ایک برس تک ڈی آئی جی کراچی ساؤتھ تعنیات رہے۔
غلام نبی میمن نے سال 2010 سے 2011 تک ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ بھی کام کیا۔ جبکہ وہ 2011 سے 2016 تک جوائنٹ ڈی جی آئی بی رہے۔
غلام نبی میمن کو سال 2014 اور 2018 میں کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرنے پر ستارہ امتیاز اور تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔ وہ 2016 سے 2019 تک پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں 3 سال تک منسٹر کوآڈینیشن رہے۔ جہاں سے تبادلے کے بعد وہ حال ہی میں پاکستان پہنچے ہیں۔
غلام نبی میمن کی گریڈ 21 میں ترقی کچھ عرصہ پہلے ہی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد غلام نبی میمن کو کراچی پولیس چیف تعنیات کیا گیا ہے۔