• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ: ظفر الحق کے چیمبر میں اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس

سینیٹ: ظفر الحق کے چیمبر میں اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس
فائل فوٹو

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفر الحق کے چیمبر میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔

راجا ظفر الحق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق ریکوزیشن اجلاس پر سینیٹ سیکریٹریٹ کے اعتراض پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحاریک پر غور کیا گیا۔

اپوزیشن نے سیکریٹری سینیٹ کے ریکوزیشن پر اعتراض کا جواب بھی جمع کرادیا کہ یہ 2ریکوزیشن نہیں بلکہ ایک قرارداد اور ایک ریکوزیشن ہے۔

بعد ازاں راجا ظفر الحق کی جانب سے مسلم لیگ ن کے سینیٹرز کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں 30میں سے 19سینیٹرز شریک ہوئے۔

اپوزیشن جماعت ن لیگ کے ذرائع کے مطابق ن لیگ کے 6سینیٹرز بیرون ملک اور ایک قید میں ہے، جبکہ 4ذاتی وجوہات کی بنا پر اجلاس میں شرکت نہ کرسکے۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر  مشاہد حسین سید کے مطابق حکمراں  کہتے تھے نیا پاکستان ہے لیکن وہی گند واپس لا رہے ہیں فارورڈ بلاک بنا رہے ہیں، وہی حرکتیں کر رہے ہیں جو ماضی میں ہوتی رہیں ان میں اور باقیوں میں کیا فرق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں اور بھرپور مقابلہ کریں گے، اپوزیشن کے 65سینیٹرز قائم و دائم ہیں۔

تازہ ترین