• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ: نوحصار میں بڑی اراضی پر کاشت کی گئی سبزیاں تلف،گندا پانی روک دیا

کوئٹہ( خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا گندے نالوں کے پانی سے کاشت کی گئی سبزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی میجر (ر) بشیر احمد کی سربراہی میں بی ایف اے کی آپریشنل ٹیم نے پیر کو نوحصار کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی اراضی پر کاشت کی گئی سبزیاں تلف کردیں جبکہ سیوریج کے گندے پانی کو ناکے لگا کر مذکورہ زمینوں سے روک دیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ شہر و اس سے ملحقہ دیگر علاقوں میں سیوریج کے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث لوگوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین کے مطابق گندے پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیاں گردوں کے امراض،ہیپاٹائٹس، ٹائیفائیڈ اور ہیضہ سمیت مختلف خطرناک بیماریوں کا باعث بن سکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ سیوریج کے پانی سے سیراب کی جانے والی زمینوں کے لیے کھاد کی ضرورت نہیں ہوتی اور یہی وجہ ہے کہ ٹیوب ویل کے پانی کی بجائے نالے کے پانی کو ترجیح دی جاتی ہے،جس کے تدارک کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے گندے پانی سے کھیتوں کی سیرابی کو روکنے اور عوام کو محفوظ اور صحت افزا سبزیوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا اور تاحال تین مختلف مراحل میں کوئٹہ شہرسمیت مختلف علاقوں میں گندے پانی سے کاشت کی گئی سبزیوں کو تلف کیا جا چکا ہے۔
تازہ ترین