• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوایس اوپن ٹینس کیلئے 57ملین ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان

نیویارک (جنگ نیوز) ومبلڈن اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے بعد اب شائقین کی نظریں سال کے تیسرے گرینڈ سلم یو ایس اوپن پر لگی ہوئی ہیں۔ 26 اگست سے نیویارک میں شیڈول میگا ایونٹ میں رواں برس ریکارڈ 57 ملین ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ مرو خواتین میں سنگلز چیمپئنز کو 38لاکھ 50ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔منتظمین نے براہ راست رسائی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ مردوں میں عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ، راجر فیڈرر، رافیل نڈال سمیت عالمی رینکنگ میں ٹاپ 98 پلیئرز کو ڈائریکٹ انٹری دی گئی ہے۔ 16کھلاڑی کوالیفائنگ رائونڈ کھیل کر مین رائونڈ تک پہنچیں گے۔خواتین سنگلز میں براہ راست رسائی پانے والی پلیئرز کی تعداد 102 ہے۔ ان میں دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر دو جاپان کی نائومی اوساکا ، دنیا کی نمبر ایک خاتون پلیئر ایشلے بارٹی، وینس ولیمز، سرینا ولیمز، ماریا شراپووا، سائمونا ہالیپ، اینجلک کربر، وکٹوریا آزارنکا، گاربین مگوروزا، سویتلانا کزنٹسووا، کیرولین وزنیاکی کے نام نمایاں ہیں۔ البتہ ومبلڈن میں تہلکہ مچانے والی 15 سالہ کوکو گاف کی شرکت یقینی بنانے کیلئے منتظمین کو قوانین میں نرمی کرنا پڑے گی، کیونکہ وہ رواں برس تین بار وائلڈ کارڈ پر میامی، فرنچ اور ومبلڈن اوپن میں شرکت کرچکی ہیں اور ان کے پاس وائلڈ کارڈ کا حق موجود نہیں۔ ایونٹ کے ڈائریکٹر کمیونی کیشن کہتے ہیں کہ ہم انہیں مین رائونڈ میں کھیلنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ عالمی خواتین ٹینس ایسوسی ایشن نے اس بات کی حمایت کی ہے۔
تازہ ترین