• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہودیوں سے متعلق ہٹلر کے خیالات کے حامی دہشت گرد کو3سال کی سزا

لندن (پی اے) برمنگھم کرائون کورٹ نے گزشتہ روز نسلی جنگ شروع کرنے کی کال دینے اور خود کو ہٹلر کے خیالات کا حامی نیو ناز دہشت گروپ کا رکن ظاہر کرنے والے جنونی دہشت گرد ڈینیئل وارڈ کو3سال قید کی سزا سنا دی۔ 2بچوں کے باپ ملزم نے کالعدم نیشنل ایکشن کا رکن ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ اس تنظیم پر2016ء میں پابندی عائد کردی گئی تھی۔ ملزم کو گزشتہ سال ستمبر میں برمنگھم سے گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے گھر کی تلاشی کے دوران فضا میں مار کرنے والے ہتھیار، فولادی بی بی گولیاں، ایک رائفل کابینئٹ اور انتہائی دائیں بازو کا لٹریچر برآمد ہوا تھا۔ اکتوبر2016ء میں گروپ سے علیحدگی کے بعد28سالہ ملزم نے اپنے ریکروٹ کو ای میل کیا تھا کہ میں خود کو اپنے خیالات کا جنونی تصور کرتا ہوں لیکن میں علاقے میں تنہا ہوں۔ اس علاقے میں اکثریت سیاہ فاموں، مسلمانوں اور بھارتی باشندوں کی ہے اور بقیہ سفید فام شراب کے رسیا ہیں۔ مجھے پوری زندگی ہٹلر کی برائیاں بتائی گئیں، لیکن وہ درست تھی، یہودی اور ان کے پٹھو دنیا کی تمام خرابیوں اور بے چینی کے ذمہ دار ہیں، میں ان کے خلاف بہیمانہ تشدد کا خواہاں ہوں۔ ملزم ایک دفعہ فوج میں بھرتی ہوا تھا، لیکن ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں اپریل2007ء میں اسے اس کی درخواست پر ہی سبکدوش کردیا گیا تھا۔ 2013ء میں اس نے دوبارہ بھرتی کے لیے درخواست دی، لیکن پھر اپنی درخواست واپس لے لی تھی۔ پراسیکیوٹرز نے ملزم کو پرتشدد نسلی خیالات کا حامل قرار دیا تھا اور اس کے لیے انٹر نیٹ پر بم بنانے کی تراکیب تلاش کرنے اور نازیوں خاص طور پر ہٹلر کی ایس ایس پیرا ملٹری کے بارے میں سرچنگ کا حوالہ دیا تھا۔
تازہ ترین