• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبر زیدی کی آئی ایس آئی کو درآمدی شعبوں کے متعلق بریفنگ

اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایف بی آر نے ملک کی سرکردہ انٹیلی جنس ایجنسی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سیلز ٹیکس ری فنڈ جاری کرنے کے حوالے سے قواعد بدھ کو جاری کر دیے جائیں گے اور رواں مالی سال کے دوران برآمدات سے جڑے شعبوں کیلئے لیکوئڈٹی کا بحران نہیں ہوگا۔ ایف بی آر چیئرمین شبر زیدی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منگل کو آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور 2019-20ء میں پانچ برآمدی شعبوں بشمول ٹیکسٹائل کیلئے زیرو ریٹنگ ختم کرنے پر بریفنگ دی۔ ایف بی آر کو رواں مالی سال کیلئے سب سے زیادہ ٹیکس یعنی 5550؍ ارب روپے جمع کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ 30؍ جون 2019ء کو ختم ہونے والے مالی سال 2018-19ء کے اندازے 3832؍ ارب روپے تھے۔ ٹیکس جمع کرنے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ایف بی آر کو آمدنی میں 44؍ فیصد کا اضافہ کرنا ہوگا جو اس سے پہلے پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ منگل کو رابطہ کرنے پر شبر زیدی نے بتایا کہ بدھ کو نئے میکنزم کے تحت ری فنڈز کے اجراء کے نئے رولز جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے رولز کے تحت کوئی ری فنڈز میں تاخیر نہیں ہوگی اور برآمدی شعبے کیلئے لیکوئڈٹی کا بحران بھی نہیں ہوگا۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ایف بی آر میکنزم کے مطابق ری فنڈز موثر انداز سے جاری نہ کر سکا تو زیرو ریٹنگ سے جڑی یہ نہ صرف اس پوری اسکیم بلکہ ملکی معیشت اور ملک کے ٹیکس جمع کرنے کے نظام کو بھی دھچکا لگے گا۔

تازہ ترین