• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوکت خانم ہسپتال کیلئے سویڈن میں فنڈریزنگ کریں گے، عامر ندیم

سٹاک ہوم(پ ر) پاکستان میں غریبوں کیلئے مفت کینسر کا علاج فراہم کرنے والے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کیلئے سویڈن بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی کیلئے آگاہی مہم کے سلسلہ میں ماہ اگست میں ہونے والے پاکستانی کمیونٹی کے میگا ایونٹس پر اسٹال لگائے جائیں گے- سویڈن میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال فنڈ ریزنگ ایونٹ کے آرگنائزر عامر ندیم نے سٹاک ہوم میں قائم شوکت خانم کینسر ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال لاہور کی کامیابی کے بعد دوسرا اسپتال پشاور میں بھی قائم کیا گیا اور اب کراچی میں بھی قائم کیا جارہا ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سویڈن سے بھی فنڈ ریزنگ کی جاتی ہے اور اب فنڈ ریزنگ کو مزید موثر اور کامیاب بنانے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ معلومات مہیا کرنے اور عطیات اکٹھے کرنے کیلئے پاکستانی کمیونٹی میں آگاہی مہم کیلئے سویڈن میں ہونے والے بڑے فیملیز ایونٹس میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی طرف سے اسٹال لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماہ اگست میں سویڈن بھر میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے چار بڑے ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں سٹاک ہوم میں ہونے والے تین ایونٹس پاکستان میلہ سٹاک ہوم،بسنت میلہ سٹاک ہوم،آزادی میلہ سٹاک ہوم،اور مالمو میں ہونے والا پاکستان میلہ شامل ہیں۔ان تمام ایونٹس کیلئے اسٹال بک کر لئے گئے ہیں جن پر شوکت خانم ہسپتال کی طرف سے پاکستانی کمیونٹی کو معلوماتی کتابچے تقسیم کئے جائیں گے اور ہسپتال بارے معلومات فراہم کی جائے گی۔عامر ندیم نے کہا کہ 1994میں قائم ہونے والا یہ ادارہ اب تک کینسر میں مبتلا لاکھوں غریب لوگوں کا مفت علاج کر چکا ہے۔ادارے کی مالی امداد کیلئے عمران خان ابتداء سے اب تک فنڈ ریزنگ بھی کرتے رہیں ہیں جبکہ سویڈن میں بھی گزشتہ کئی سالوں سے فنڈ ریزنگ ایونٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔عامر ندیم کا کہنا تھا کہ شوکت خانم جہاں پاکستان میں مریضوں کو صحت کی سہولتیں بہم پہنچا ریا ہے وہاں بیرون ملک پاکستان کا تشخص بھی بہتر بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لاہور اور پشاور کے بعد کراچی کے ہسپتال کی تعمیر کے لئے بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔
تازہ ترین