جیو فلمز اور آئی آر کے فلمز کے اشتراک سے بنائی جانے والی فلم ’’ہیر مان جا“ کی ریلیز کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ۔
گزشتہ روز فلم کی مرکزی کاسٹ کراچی کے مقامی شاپنگ مال پہنچی جہاں انہوں نے فلم کی پروموشن اور لوگوں سے ملاقات بھی کی۔
فلم بینوں کا کہنا ہے کہ وہ جیوفلمز کے بینر تلے بننے والی ”طیفا اِن ٹربل، ڈونکی کنگ اور لوڈ ویڈنگ “ جیسی شاہکار فلمیں دیکھ چکے ہیں اور اب انہیں ’’ہیر مان جا“ کا بے صبری سے انتظار ہے۔
فلم میں حریم فاروق اور علی رحمٰن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جو اس سے قبل فلم ’پرچی‘ میں بھی ایک ساتھ جلوہ گر ہو چکے ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں حریم فاروق اور علی رحمٰن کے ساتھ عابد علی، فیضان شیخ اور موجز حسن بھی شامل ہیں جبکہ آمنہ شیخ، احمد علی اکبر اور میکائل ذوالفقار بطور مہمان اداکار جلوہ گر ہوں گے۔
اس فلم کو عمران رضا کاظمی، عارف لاکھانی اور حریم فاروق نے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم رواں سال عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔