• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بغیر کرکٹ کی دنیا مکمل نہیں ہوتی، تو دوسری جانب یہ بھی حقیقت ہے کہ پی سی بی کے مختلف معاملات میں غیر پیشہ ورانہ کام کرنے کے انداز پر بھی سوالات کا اٹھنا کوئی حیران کن بات نہیں سمجھی جاتی۔


آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی جنہیں 1999ء ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف شکست کی تحقیقات کرنے والے جسٹس (ر) بھنڈاری کمیشن میں بلایا گیا تھا، اب پی سی بی کے سربراہ ہیں، جن کے بقول 350لوگوں میں سے 48 سال کے وسیم گلریز خان کو مینجنگ ڈائریکٹر چنا گیا ہے۔

20لاکھ روپے سے زائد تنخواہ ماہانہ لینے والے وسیم خان پی سی بی کی تاریخ کے مہنگے ترین ملازم بن گئے ہیں، جن کے بارے میں پی بی کے سابق سربراہ نجم عزیز سیٹھی کا موقف ہے کہ احسان مانی پہلے سے وسیم خان کو جانتے تھے اور اسی لئے انہیں پی سی بی آئین میں غیر موجود مینجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر لاکر بٹھایا گیا ہے۔

دوسری جانب چئیر مین پی سی بی احسان مانی اور وسیم خان دونوں ہی اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ وہ دونوں ایک دوسرے کو جانتے ہیں، البتہ حیران کن امر یہ ہے کہ چیئر مین پی سی بی احسان مانی جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ وسیم خان سے پہلے کبھی نہیں ملے اورنہ انہیں جانتے ہیں، انہیں یہ یاد ہے کہ 1997ء میں آسڑیلیا میں کھیلے گئے، کارلٹن اینڈ یونائیٹیڈ سیریز میں آسڑیلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں وسیم خان 12ویں کھلاڑی کی حیثیت سے فیلڈنگ کر رہے تھے اور انہیں اس کے لئے اس ٹیم کے کپتان وسیم اکرم نے راضی کیا تھا، تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ ریکارڈ کے صفحات میں چیئر مین پی سی بی احسان مانی کے جھوٹ کا پول اس دورے کے اسکور کارڈز نے کھول دیا ہے۔

1997ء کی اس سیریز میں میزبان آسڑیلیا کیساتھ دیگر دو ٹیمیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز تھیں، اور سڈنی میں پاکستان نے تین ون ڈے کھیلے تھے،یکم جنوری 1997ء کو آسڑیلیا کے خلاف پاکستان کے 12ویں کھلاڑی محمد زاہد تھے، 14جنوری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 12ویں کھلاڑی شاہد نذیر تھے، جب کہ 18جنوری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی 12ویں کھلاڑی شاہد نذیر ہی تھے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اس دورے پر موجود کئی کرکٹرز بھی چئیرمین پی سی بی کے بیان پر لاعلم ہیں کہ وسیم خان نے آسڑیلیا کے خلاف سڈنی میں بطور 12واں کھلاڑی فیلڈنگ کے فرائض انجام دیئے تھے، اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ چیئر مین پی سی بی کا یہ کہنا کتنا سچ ہے کہ وہ برطانوی نژاد پاکستانی وسیم خان کو نہ پہلے کبھی ملے اور نہ جانتے ہیں، کتنا سچ اور کتنا جھوٹا ہے؟

تازہ ترین
تازہ ترین