پاکستان کرکٹ ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسرے دن کا آغاز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔
قومی ٹیم کا اسکور 316 رنز پر پہنچا تو سلمان علی آغا پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ 5 رنز کے اضافے کے بعد پاکستان کی چھٹی وکٹ بھی گر گئی، سعود شکیل 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سلمان علی آغا اور سعود شکیل کو کیشو مہاراج نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ان کو بھی کیشو مہاراج نے بولڈ کیا۔ پاکستان کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ساجد خان تھے وہ 5 رنز بنا کر کیشو مہاراج کا شکار بنے۔
قومی ٹیم کی آخری وکٹ 333 رنز پر گری، آصف آفریدی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کو بھی کیشو مہاراج نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کے اوپننگ بیٹر امام الحق 17، بابر اعظم 16 اور محمد رضوان 19 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان شان مسعود نے 87 اور عبداللّٰہ شفیق نے 57 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا۔
جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج نے 7 اور سائمن ہارمر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 27-2025 میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 277 رنز کے ہدف کے جواب میں مہمان ٹیم 183 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔