وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں کراچی کے برساتی نالوں کو صاف کریں گے ، عید پر دوبارہ بارش کا امکان ہے، کوشش کریں گے کہ نالوں کا کچرا صاف کردیا جائے ۔
علی زیدی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلین کراچی مہم میں ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد نےتعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، ساتھ ہی مختلف اداروں بینک ، انڈسٹری نے بھی کلین کراچی مہم میں حصہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او اور این ایل سی بھی کلین کراچی مہم میں ہمارے ساتھ ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ کراچی کے مختلف مقامات سے کچرے کو ڈمپنگ گراؤنڈ میں ٹھکانا لگایا جائے گا، کچرے کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے لاجسٹک اورسپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے علی زیدی نے 2 ہفتوں میں کراچی سے کچرا صاف کرنے کا چیلنج دے رکھا ہے، اس مہم میں کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجر، شوبز ستارے ، سماجی کارکن سب ہی پیش پیش ہیں۔