چین کے جنوب مشرقی صوبے فوجیان میں واقع گوشی کلف کافی (بلند چٹان پر لٹکتا کافی شاپ) شاید دنیا کا سب سے خطرناک کیفے ہو سکتا ہے۔ گوشی کلف کافی نامی یہ منفرد کیفے اپنے کسٹمرز کو گرجتی لہروں سے تقریباً 60 میٹر بلند ایک بلند وبالا چٹان کی بلندی پر بیٹھ کر کافی پینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
دلکش منظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے کافی کا ایک کپ پینا عام طور پر ایک پرسکون تجربہ ہونا چاہیے، لیکن فوجیان صوبہ میں واقع کلف کافی میں آپ کے لیے خود کو مکمل طور پر پرسکون رکھنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔ یہ سطح سمندر سے تقریباً 60 میٹر بلند ایک سیدھی چٹان کی دیوار پر قائم ہے، یہ کیفے فخر سے خود کو دنیا کا سب سے انتہائی کیفے قرار دیتا ہے۔
گوشی کیلف کافی بنیادی طور پر چٹان کے ساتھ نٹ بولٹ سے فکس کی گئی مستطیل نما پلیٹ فارمز پر مشتمل ہے، جو گاہکوں کے بیٹھنے کی جگہ کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔
کیفے تک پہنچنے کے لیے سیاحوں کو پہلے تقریباً 30 منٹ تک وایا فیراٹا ٹریل عبور کرنا پڑتا ہے، جس کے بعد ایک انسٹرکٹر کی نگرانی میں انہیں رسی کے ذریعے نیچے پلیٹ فارمز تک اتارا جاتا ہے۔
2004 سے قائم بلند چٹان کے کنارے بنا کیفے حال ہی میں اس وقت وائرل ہو گیا جب اس دلکش مقام پر بنائی گئی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔
سیاحوں کی غیر معمولی دلچسپی کے پیشِ نظر کلف کافی کے بانی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پیشگی ریزرویشن لازمی ہے اور لوگ عملے کی نگرانی کے بغیر پلیٹ فارمز تک رسی کے ذریعے نیچے نہیں اتر سکتے۔
یہاں ایک کپ کافی کی قیمت 398 یوان (58 ڈالر) ہے، جو کہ پریمیم کافی کی قیمت سے بھی زیادہ ہے۔ تاہم کیفے کے مالک نے وضاحت کی کہ اس قیمت میں لازمی انشورنس، پیشہ ورانہ آلات کا کرایہ اور نیچے اتارنے والے انسٹرکٹرز کی فیس شامل ہے۔ مزید یہ کہ وہاں بیٹھنے کے لیے کوئی وقت کی پابندی نہیں ہے۔ پلیٹ فارمز تک پہنچنے کے بعد آپ جتنا چاہیں وہاں ٹھہر سکتے ہیں۔