• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے معروف اور صدارتی ایوارڈ یافتہ پلاسٹک سرجن ڈاکٹر فیض محمد خان جمعرات اور جمعے کی درمیابی شب انتقال کرگئے۔

ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ عالمگیر مسجد بہادرآباد میں ادا کی گئی اور انہیں فوجی قبرستان چنیسر گوٹھ میں سپردخاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات، ڈاکٹروں اور مریضوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

سرجن فیض محمد خان کو ان کی خدمات پر صدارتی ایوارڈ، ستارہ امتیاز اور تمغہ حسن کارکردگی سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔

وہ جناح اسپتال کے پروفیسر اور شعبہ پلاسٹک اور ری کنسٹریکٹیو سرجری کے سربراہ تھے۔

انہوں نے جناح اسپتال میں پلاسٹک سرجری کا شعبہ قائم کیا اور اسپتال میں پہلی پلاسٹک سرجری بھی انہوں نے ہی سرانجام دی تھی۔

سرجن فیض محمد خان برٹش ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجری اینڈ کنسٹریکٹیو سرجنز کے سینئر رکن اور امریکن کالج آف سرجنز کے فیلو بھی تھے۔ وہ سرجنز سوسائٹی آف پاکستان کے پہلے جنرل سیکریٹری تھے۔ انہوں نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز میں پلاسٹک سرجری کا کریکیولم بنایا۔

سعودی حکومت کی درخواست پر انہوں نے کنگ فیصل اسپتال میں پلاسٹک سرجری کے شعبے کی بنیاد رکھی جبکہ عمان حکومت کی درخواست پر مسقط کے اسپتالوں میں بھی پلاسٹک سرجری کے شعبے قائم کیے۔

انہوں نے بڑی تعداد میں پلاسٹک سرجنز کو تربیت دی جو بیرون ملک بھی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

مرحوم کھیلوں سے بھی بہت دلچسپی رکھتے تھے اور خود کرکٹ کے اچھے کھلاڑی بھی تھے جبکہ ویٹرنزکرکٹ میچوں میں بھی حصہ لیتے تھے۔

ملک کی متعدد معروف شخصیات نے ان سے پلاسٹک سرجری کرائی تھی۔

ان کے بیٹے ڈاکٹر بلال فیض محمد خان کے مطابق ممکنہ بارش کے باعث ان کے سوئم کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تازہ ترین