• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مودی کو ہٹلر کہنے پر عمران خان کے بیان کی عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج


کراچی (جنگ نیوز) وزیراعظم پاکستان کے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط اور کشمیریوں کی نسل کشی کو نازی نظریات سے متاثر ہونے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ہٹلر کہنے سے متعلق بیان کو عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج دی گئی۔ برطانوی، امریکی، چینی، خلیجی، روسی اور فرانسیسی میڈیا نے وزیراعظم کے بیان کو اپنے اخبارات اور ویب سائٹس پر نمایاں طور پر جگہ دی ہے۔چینی اخبار ساوتھ چائنا مورننگ پوسٹ نے لکھا پاکستانی وزیراعظم نے کشمیر کے دفاع میں عالمی برادری کی عدم دلچسپی کو ہٹلر جیسے رہنماوں کی خوشامد کے مترادف قرار دیا ہے۔ خلیجی اخبار العربیہ نے لکھا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر پر دنیا کی بے حسی کو ماضی میں ہٹلر کو خوش کرنے کے عالمی اقدامات کے مترادف قرارد یا ہے۔ برطانوی اخبار فائننشل ٹائمز نے لکھا کہ عمران خان کے مطابق بھارت نسل کشی اور لاک ڈاون کے ذریعے کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ برطانوی اخبار دی ٹائمز نے لکھا عمران خان نے کشمیر پر بھارت کے جبری تسلط کو نازی عزائم کے جیسا قرار دیا ہے۔ فرانسیسی اخبار Le Monde نے لکھا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو نازی ازم کے عروج سے تشبیہہ دیا ہے۔ روسی خبر ایجنسی اسپوتنک نے لکھا کہ وزیراعظم پاکستان کہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی خقوق کی خلاف ورزیاں اور کشمیریوں کی نسل کشی نازی سوچ سے متاثر ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے برطانوی اخبار دی اکانومسٹ نے ایک مضمون میں لکھا کہ کشمیر کی خودمختاری کو آئینی ترمیم کے ذریعے بدلنے پر مودی سرکار کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ بھارت جو چاہتا ہے نتائج اس کے برعکس ہونگے۔

تازہ ترین