• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،عیدالاضحی پر بھی ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عیدالاضحی پر بھی ٹرینوں کی آمد ورفت میںخاصی تاخیر نظر آئی جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ عید کے دوسرے روز منگل 13اگست کو 2 ٹرینیں روانہ ہی نہیں ہوئیں جن کے مسافروں کو دیگر تین ٹرینوں میں اندرون ملک روانہ کیا گیا اور متعدد ٹرینیں تاخیر سے آنے کے باعث کراچی سے روانگی میں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ریلوے حکام کے مطابق پاکستان ایکسپریس دوپہر ایک کی بجائے دوپہر 2:20بجے ، علامہ اقبال ایکسپرس دوپہر 2کی بجائے سہ پہر 3بجے، قراقرم ایکسپریس سہ پہر 3:30 کے بجائے شام 7 بجے، تیزگام ایکسپریس شام 5:30 کی بجائے شام 7:20 بجے اوربہاء الدین زکریا ایکسپریس شام 5:30 کی بجائے رات ایک بجے روانہ ہوئیں۔دریں اثناء جناح ایکسپریس روانہ نہیں کی گئی جس کے مسافروں کو گرین لائن ایکسپریس کے ذریعے بھیجا گیا اور ملت ایکسپریس کی روانگی منسوخ کرکے اس کے مسافر قراقرم ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس میں روانہ کئے گئے۔ قبل ازیں عید کے پہلے دن پیر 12 اگست اور اس سے پہلے اتوار 11 اگست کو بھی متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔
تازہ ترین