• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک ایک بارپھرناکام،کئی علاقوں میں بجلی فراہمی معطل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بارش کے باعث کے الیکٹرک ایک بار پھر شہر میں بجلی کی سپلائی معمول پر رکھنے میں مکمل ناکام‘ ہفتے کو بند ہونے والی بجلی منگل کی شام تک متعدد علاقوں میں بحال نہ ہوسکی‘پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی نہ ہونےسے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ ایسے علاقے جہاں بارش کے پانی کی فوری نکاسی ہوگئی یا زیادہ مقدار میں جمع نہیں ہوا وہاں بھی گھنٹوں بجلی کی سپلائی معطل رہی۔ شہریوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے تمام دعوے غلط ثابت ہوئے‘اگرادارے نے ترسیلی نظام پر سرمایہ کاری کی ہوتی تو ہر بارش میں بجلی کے طویل بریک ڈائون نہ ہوتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں نے بھی انہیں عید پر سوگوار رکھا۔ ہفتے کو بارش کے آغاز سے کلفٹن، ڈیفنس، کورنگی، لانڈھی ، ملیر،ماڈل کالونی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، اختر کالونی، کشمیر کالونی، اولڈ سٹی ایریا، کیماڑی، بلدیہ، سرجانی ٹائون، نیوکراچی، ناظم آباد، لیاری، شاہ فیصل کالونی سمیت شاید ہی شہرکا کوئی ایسا علاقہ ہو جہاں بجلی کی سپلائی بند نہ ہوئی ہو۔ بجلی کی بندش کا دورانیہ چوبیس سے چھتیس گھنٹوں تک رہا جبکہ بعض علاقوں میں چالیس گھنٹے بعد بجلی بحال ہوسکی۔ اس دوران لوگوں کے لئے پانی کا حصول مشکل ہوگیا۔ مسلسل فریج بند رہنے سے ان کے لئے کھانے پینے کی اشیاء تیار کرنے اور انہیں محفوظ رکھنے کا اختیار نہ رہا۔ صارفین کے الیکٹرک شکایات مراکز فون کر کے تھک گئے،واٹس ایپ اور میسج کا نظام بھی موثر نہ رہا۔ واٹر بورڈ کے اہم پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی نہ ہونے سے سپلائی معطل رہی۔ گھروں میں پانی کے اوورہیڈ ٹینک خالی ہوگئے۔
تازہ ترین