• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت بے نقاب ہوگیا، تحریک آزادی کشمیر اب نئے جذبے سے ابھرے گی، ندیم اصغرکائرہ

برمنگھم (نمائندہ جنگ) آرٹیکل 370کشمیریوں کا بھارت کے ساتھ جبر تھا جسے کبھی بھی کشمیریوں نے تسلیم نہ کیا جب کہ 35A کا مقابلہ کشمیریوں نے بھارت کی سات لاکھ مسلح افواج کو ناکوں چنے چبوا کر دیا ہے۔سرمائے و دولت کی بدولت آنے والوں کو کشمیری کبھی بھی اپنی دھرتی پر آباد نہیں ہونے دیں گے۔ اس آئینی چھیڑ خانی سے نہ صرف بھارت بے نقاب ہوا بلکہ بھارت نواز کشمیری جماعتوں سمیت پوری قوم بھارت کے خلاف یک زبان ہوگئی۔ اب تحریک ایک نئے جذبہ سے ابھر کر سامنے آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سینئر رہنما و کائرہ خاندان کے چشم و چراغ سابق ناظم لالہ موسیٰ و اوورسیز پیپلز پارٹی کے ایڈھاک کمیٹی کے ممبر ندیم اصغر کائرہ نے پاکستان پیپلز پارٹی مڈلینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں مقبوضہ جموں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر انجم جرال، سینئر نائب صدر پی پی مڈلینڈ مرزا اختر محمود، صدر برمنگھم قیوم راجہ، جنرل سیکرٹری ارشاد عزیز، ممبر فیڈرل کونسل چوہدری امین، PYO کے صدر یاسر بلال، نائب صدر برطانیہ واجد برکی، جوائنٹ سیکرٹری وقار اسلم کیانی، شعبہ خواتین مڈلینڈکی صدر رضیہ شیخ، ڈاکٹر نگہت افتخار، سابق ایڈمنسٹریٹر کوٹلی چوہدری الیاس، سابق ضلعی زکوٰۃ چیئرمین ارشد کیانی، کوآرڈینیٹر پی پی مڈلینڈ محمد ایوب سرکھوی، راجہ خالد محمود، PYO میڈلینڈ صدر غضنفر محمود، جنرل سیکرٹری شیخ اشفاق، نائب صدر قاضی احسان، بزرگ رہنما چوہدری علی شان، چوہدری وادی، سردار غلام رسول سمیت کثیر تعداد میں رہنمائوں، کارکنوں اورجیالوں نے شرکت کی۔ ندیم اصغر کائرہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی تاریخ میں جبر سے کئے گئے فیصلے آج تک کسی نے تسلیم نہیں کئے۔ حالیہ بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو پاکستان و آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مہذب معاشرہ مسترد کرتا ہے۔ سات لاکھ مسلح آرمی اور اب پچاس ہزار مزید فوج بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہ دبا سکے گی اس آزادی کی قیمت کے طور پر کشمیری لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کرچکے ہیں یہ کسی جعلی صدارتی آرڈیننس سے ختم نہیں کیا جاسکتا، سرمایہ اور روپے پیسے کی بدولت غیر ریاستی افراد کو کشمیری کبھی بھی وہاں آباد نہیں ہونے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ندیم اصغر کائرہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان جوائنٹ سیشن میں تمام سیاسی و عسکری قیادت کو اعتماد میں لے کر جو بھی فیصلے کرے ہم شانہ بشانہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چوہدری شاہ نواز نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہے، انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے لیکن بھارت ہماری خاموشی اور حکمت عملی کو کمزوری نہ سمجھے۔ پی پی برطانیہ شعبہ خواتین کی صدر انجم جرال نے کہا کہ اس نازک اور مشکل صورتحال میں ہم مردوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر کشمیریوں کے لئے ہر سفارتی محاذ پر جنگ لڑیں گے۔ مرزا اختر محمود نے کہا کہ کشمیری کبھی بھی دھونس، دھاندلی کو تسلیم نہیں کرتے، ہم بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ الیاس چوہدری سابق ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ اب بھارت کے ٹوٹنے کا آغاز ہوچکا ہے، بھارت کے اندر سے چلنے والی دیگر چودہ آزادی کی تحریکیں بھی سرگرم ہوں گی۔ محمد ایوب سرکھوی نے کہا کہ بھارتی حکومت کی غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ ممبر فیڈرل کونسل چوہدری محمد امین نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا، انسان ہوں غلطی کرسکتا ہوں لیکن کشمیر کے مسئلہ پر نیند میں بھی غلطی نہیں کرسکتا۔ یاسر بلال نے کہا کہ نوجوان ہر جگہ اس مزاحمتی تحریک میں کردا ادا کریں گے۔

تازہ ترین