• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں یوم آزادی ویکجہتی کشمیر کی تقاریب

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی اور انجینئرنگ یونیورسٹی میں یوم آزادی و یکجہتی کشمیر تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ پشاور یونیورسٹی میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی ترقی اور کشمیر کی آزادی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر جوہر علی نے پرچم کشائی کی‘ سائرن بجایا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ پاکستان سٹڈی سنٹر میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کےبعد باب خیبر ماڈل کا افتتاح کیا گیا۔ سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر فخر الاسلام نے کہا کہ آئندہ سالوں میں مینار پاکستان کا ماڈل بھی تیار کیا جائے گا۔ جشن آزادی کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سہیل انجم تھے جنہوں نے کہا کہ آئندہ سال یوم آزادی کے موقع پر پشاور کے تحریک پاکستان میں کردار کے موضوع پر کتاب شائع کی جائے گی۔ انجینئرنگ یونیوسٹی پشاور میں خصوصی تقریب کا اہتمام رجسٹرار انجینئر ڈاکٹر خضر اعظم خان کی زیر نگرانی کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین تھے جنہوں نے پرچم کشائی کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم کی انتھک اور دن رات محنت کے بعد علامہ اقبال کا خواب شرمندہ تعبیر ہو کر پاکستان کی صورت میں ملا۔ پاکستان کو تمام برائیوں سے پاک کرکے جنت کا گہوارہ بنانا ہم سب کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا اور بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیریوں پر جاری جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ تقریب میں ٹریژرر نیک محمد خان‘ سینئر فیکلٹی ممبران اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے سٹاف نے شرکت کی۔
تازہ ترین