• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس ، پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کی تقریب


دنیا بھر کی طرح فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے یوم آزادی پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے ساتھ یکجہتی اظہار کے ساتھ منایا پیرس میں پاکستانی سفارت خانہ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک سادہ و پروقار پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں بہادر کشمیری عوام اور ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ساتھ دینے کا اعادہ کیا گیا۔

یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے سلسلے میں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان معین الحق نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادانہ حیثیت کو یکطرفہ طور پر ایک غیر قانونی اور غیر آئینی اقدم کے ذریعے ختم کرنے کا عمل بین الاقوامی مروجہ قوانین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں اور بھارتی قیادت کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ کیئے گئے وعدوں کے خلاف ہے۔

سفیر پاکستان نے بین الاقوامی برادری اور خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممبران پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں اور کشمیر کے اس دیرینہ مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور اس کی عوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کندھا سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا، بعد ازاں! فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تین ہونہار طالبعلموں میں تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی پر جناح ایوارڈ تقسیم کیئے گئے۔

جناح ایوارڈ کا قیام سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس نے گذشتہ سال کیا تھاتاکہ تعلیمی میدان میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالبعلموں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ 

اس موقع چوہدری اشفاق جٹ ، چوہدری تاج دین سکھیرا ، راجہ محمد اقبال ، راجہ اشفاق احمد ،ملک عنصر اور حاجی مزمل نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کے حصے بخرے ہوجائیں گے۔

تازہ ترین