• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ایچ کیو سمیت ملک بھر میں یوم دفاع و شہداء کی تقریبات کی تیاریاں شروع

اسلام آباد (حنیف خالد) 6ستمبر2019کو یوم دفاع و شہدائے پاکستان ملی جذبے اور پورے وقار و احترام کے ساتھ منانے کی تیاریاں جی ایچ کیو سمیت ملک بھر میں شروع کردی گئی ہیں۔ اس روز فضائوں، پانیوں اور زمینی سرحدوں کی حفاظت کے لئے خصوصی انتظام ہونگے۔6ستمبر 1965کو بھارتی افواج نے لاہور بارڈر پر حملہ کیا تھا جس کے بعد سیالکوٹ، پسرور، کھیم کرن، چھمب جوڑیاں، اکھنور، سمبڑیال اور راجستھان سیکٹروں میں 17روز تک گھمسان کا رن پڑا۔ زمینی، بحری اور فضائی افواج میں مڈ بھیڑ ہوتی رہی، پاکستانی افواج نے کامیابی سے دشمن کی زمینی فضائی اور بحری فوجوں کے حملے کو پسپا کیا اسی مناسبت سے پاکستان ہر سال6ستمبر کو یوم دفاع پاکستان مناتا چلا آرہا ہےاور چند سالوں سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں تعمیر شدہ یادگار شہداء کے وسیع و عریض سبزہ زار پر یوم دفاع و شہداء کی سالانہ (Defence and Martyrs) تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے6ستمبر2019کو حسب روایت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اس تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔ تقریب میں چیدہ چیدہ وفاقی وزرا، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، سابق آرمی چیفس صاحبان کے لئے نشستیں وی آئی پی ایریا میں ہونگی جب کہ شہداء کے لواحقین کے لئے الگ انکلوژر بنایا جائے گا۔ اس تقریب کا آنکھوں دیکھا حال ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز میجر جنرل آصف غفور کی زیر نگرانی ملک بھر کے نیوز چینل ایف ایم ریڈیو، پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان پر براہ راست ٹیلی کاسٹ و نشر کریں گے۔ پاکستان آرمی کے چاق و چوبند دستے ملٹری بینڈ کی دھن پر مارچ پاسٹ کریں گے۔ چیف آف آرمی اسٹاف کی آمد کے بعد قومی ترانے کی دل آویز دھنیں بجائی جائیں گی۔ تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہو گا شہداء کے لواحقین خصوصی اہتمام کے ساتھ یادگار شہداء پر پھول چڑھائیں گے۔ تقریب کے اواخر میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ انتہائی اہم خطاب کرینگے۔
تازہ ترین