• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ الیون قبرستان فیز تھری کی ڈویلپمنٹ مکمل ،28ہزار قبروں کی گنجائش

اسلام آ باد (نیو زرپورٹر) سی ڈی اے نے ایچ الیون قبرستان کے فیزIII- کی ڈویلپمنٹ کا کام مکمل کر لیا ۔ منصوبے پر 17.7 ملین لاگت آئی ۔ایچ الیون قبرستان فیزIII-کو ڈویلپمنٹ کا کام مکمل کرنے کے بعدجلد میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے حوالے کر دیا جائے گا۔اس منصوبے کے تحت 86 پلاٹ ڈویلپ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرینج سسٹم اور فٹ پاتھ تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ روشنی کے مناسب انتظام کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈویلپ کیے گئے ہر پلاٹ میں 332 قبروں کی گنجائش رکھی گئی ہے اس طرح قبرستان کے نئے ڈویلپ کئے گئے ایریاء میں تقریباً 28,000 قبروں کی گنجائش ہو گی۔اس وقت ایچ الیون قبرستان میں سالانہ اوسطً 1800 سے 2000 قبریں بنائی جا رہی ہیں۔ اس طرح قبرستان کا نیا ڈویلپ کیا گیا ایریاء آئندہ دس سے پندرہ سال تک شہر کی تدفین کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔واضح رہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے اموات کا تناسب بھی بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے ایچ الیون قبرستان میں گنجائش کے مسائل سامنے آ رہے ہیں اس لیے قبرستان کے فیزIII- کو ڈویلپ کرنا وقت کی اہم ضرورت تھی۔
تازہ ترین