پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان و کامیڈین تابش ہاشمی نے بھارتی ٹیم سے متعلق محمد عامر کی پیش گوئیاں درست ہونے پر اُنہیں’نجومی بابا‘ قرار دے دیا۔
جیو نیوز کے مشہور پروگرام ’ہارنا منع ہے‘ میں تابش ہاشمی نے محمد عامر کی بھارت سے متعلق پیش گوئیاں درست ثابت ہونے پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو پاکستانی ٹیم نہیں کر رہی ہمارے پینلسٹ لاہور میں بیٹھ کر کررہے ہیں جیسے کہ جب سے محمد عامر نے بھارتی اوپننگ بیٹر ابھیشک شرما کو سلاگر قرار دیا ہے اس کے بعد سے ابھیشک شرما ٹورنامنٹ میں کھیل ہی نہیں پا رہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ محمد عامر نے پھر یہ بھی کہا کہ بھارتی ٹیم سیمی فائنل نہیں کھیلے گی اور اب جنوبی افریقہ سے میچ کے بعد لگ رہا ہے کہ بھارتی ٹیم محمد عامر کی بات مان رہی ہے اور سیمی فائنل نہیں کھیل رہی۔
تابش ہاشمی نے شو میں محمد عامر کا تعارف کرواتے ہوئے انہیں ’نجومی بابا‘ قرار دے دیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے چیٹ جی پی ٹی سے پوچھا کہ محمد عامر کی ساری پیش گوئیاں اور تجزیے مدِنظر رکھتے ہوئے بتاؤ کہ اُنہیں کیسا نظر آنا چاہیے تو اس نے ہمیں کچھ دلچسپ تصویریں بنا کر دیں۔
ملنگ بابا کے روپ میں محمد عامر کی تصاویر جب شو میں دکھائی گئیں تو محمد عامر سمیت شو میں موجود تمام شرکاء قہقہے لگا کر ہنسنے لگے۔
تابش ہاشمی نے شو کے دوران تصاویر دکھاتے ہوئے کہا کہ ہم نے محمد عامر کی ایسی بہت ساری تصویریں بنا کر جمع کر لی ہیں۔