آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
بدھ 18؍محرم الحرام 1441ھ 18؍ستمبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلافت کے بعد حضرت عثمان غنیؓ کا پہلا خطبہ...

آپؓ نے فرمایا،لوگو:تم سب دارِ مسافرت میں ہو،عمر کا جو حصّہ باقی ہے،بس اسے پورا کرنے والے ہو،اس لیے تم زیادہ سے زیادہ جو نیکی کر سکتے ہو،اپنے اپنے مقررہ وقت سے پہلے اسے کر گزرو،بس یہ سمجھو کہ موت اب آئی یا جب آئی، بہ ہرحال اسے آنا ضرور ہے،خوب سن لو کہ دنیا کا سارا تار و پود ہی مکر اور فریب سے تیار ہوا ہے۔اس لیے دیکھو، کہیں تمہیں یہ دنیا کی زندگی دھوکا نہ دے جائے اور اللہ سے تمہیں غافل نہ کر دے۔لوگو، جو لوگ گزر گئے ہیں،ان سے عبرت حاصل کرو اور ہاں سعی اور جدوجہد کرو،غفلت نہ برتو، کیوں کہ تم سے غفلت نہ برتی جائے گی، کہاں ہیں وہ اربابِ دنیا جنہوں نے دنیا کو آخرت پر ترجیح دی،اسے آباد رکھا اورا س سے ایک مدّت تک بہرہ اندوز ہوئے، کیا دنیا نے ان لوگوں کو اپنے اندر سے باہر نہیں نکال پھینکا، تم دنیا کو اسی مقام پر رکھو جس پر اللہ نے اسے رکھا ہے اور آخرت کی طلب کرو، اللہ نے دنیا کی اور جو چیز خیر ہے،اس کی مثال اس طرح بیان کی ہے:’’ اے پیغمبرﷺ،آپ لوگوں کو بتا دیجیے کہ دنیا کی زندگی کی مثال اس پانی جیسی ہے،جسے ہم آسمان سے نازل کرتے ہیں۔ ( طبری ج4 ص 243)

دینی خدمات،مذہبی کارنامے

٭آپ نےجمعہ کے دن اذانِ اول دینے کا حکم صادر فرمایا۔٭موذنین کے لیے(باقاعدہ)تنخواہیں مقرر کیں۔٭آپ ہی نے سب سے پہلے لوگوں کو ازخود زکوٰۃ نکالنے کا حکم دیا۔٭سب سے پہلے پولیس اور اس کے عہدے دار متعین کیے۔٭تمام مسلمانوں کو قرآن کریم کی ایک قرأ ت پر جمع کیا۔٭سب سے پہلے اپنے اہل وعیال کے ساتھ ہجرت کرنے والے آپ ہی ہیں۔ ٭آپ نے حکم دیا کہ ( اذان کی طرح) تکبیر میں آواز اونچی رکھی جائے۔

اقوالِ عثمانی

٭بعض اوقات مجرم کو معاف کرنا ،اسے زیادہ خطرناک بنادیتا ہے۔٭خاموشی غصے کا بہترین علاج ہے۔٭گناہ کسی نہ کسی صورت میں دل کو بے چین رکھتا ہے۔٭زیادہ کھانا بھی (ایک )بیماری ہے۔٭اپنا بوجھ دوسروں پر مت ڈالو ،خواہ کم ہویا زیادہ۔٭زبان درست ہوجائے تو دل بھی درست ہوجاتا ہے۔

اسپیشل ایڈیشن سے مزید