• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ نے صدر ٹرمپ کے مصالحانہ کردار کو خوش آئند قرار دیا، فردوس عاشق



وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کابینہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور خطے میں امن کےلیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مصالحانہ کردار کو خوش آئند قرار دیا ہے۔


کابینہ اجلاس پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا، کابینہ نے گھریلو تشدد سے متعلق بل کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے آرمی چیف کی 3 سال کے لیے مزید تقرری کو پالیسی کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان، آپریشن ضرب عضب اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کا کریڈٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے سی پیک طرز پر ترکی کے ساتھ مل کر ایک اقتصادی فریم ورک کی منظوری دی ہے، پاکستان میں اس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان اور ترکی میں صدر رجب طیب اردوان کریں گے، اس سے دونوں ملک کے درمیان آزاد تجارت کو فروغ ملے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والے ٹیلی فونک رابطے پر بھی اعتماد میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 26 ستمبر کو نریندر مودی اور 27 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ نے نیب قوانین پر نظرثانی بھی کی ہے کیونکہ نیب کی وجہ سے کاروباری افراد کاروباری سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے رہے، وہ نیب سے ڈرے ہوئے ہیں، حکومت بزنس فرینڈلی ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو حکومت کے چیلنجز کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ دیوالیہ معیشت اب مستحکم ہوچکی ہے، گزشتہ برس استحکامِ پاکستان کےلیے تھا، آئندہ برس تعمیرِ پاکستان کے لیے ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں سرمایہ کاری دوست پالیسیاں زیر غور آئیں، اس موقع پر بتایا گیا کہ 13 اعشاریہ5 بلین ڈالر پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ نیچے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کےلیے گھروں کی تعمیر کےلیے 5 ارب روپے کی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں یہ طے پایا کہ مسیحی تعلیمات اور روایات کے مطابق کرسچین میرج اینڈ ڈائیوورس بل لایا جائے گا۔

تازہ ترین