• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکی آرتھر کی رخصتی کے بعد اب سابق کپتان مصباح الحق طاقتور شخصیت کے طور پر سامنے آرہے ہیں۔ ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی کرکٹ میں ہر مسئلے کا حل میانوالی کے مصباح الحق نیازی ہیں۔


پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے رکن کو پی سی بی نے تیسری ذمے داری سونپ دی ہے۔ مصباح کو ممکنہ طور پر مکی آرتھر کا جانشیں بھی قرار دیا جارہا ہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی پانچویں پوزیشن کے بعدلگ رہا ہے کہ مصباح الحق ہر مرض کی دوا بن گئے ہیں۔

پی سی بی نے انہیں پہلے مر حلے میں پری سیزن کیمپ کے لیے کیمپ کمانڈنٹ مقرر کیا۔ منگل کو پی سی بی نے تین رکنی آزادانہ پینل تشکیل دیا، جو آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے انتخاب کا جائزہ لے گا۔

اس پینل میں مصباح الحق کے ساتھ سابق کپتان راشد لطیف اور اسپنر ندیم خان کو رکھا گیا ہے۔ پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں میں کھلاڑیوں کا انتخاب اقربا پروری اور پسندیدگی کی بجائے میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے مصباح الحق کو کیمپ کمانڈنٹ بنانے سے قبل پی سی بی نے ان کی رائے کو اہمیت دیتے ہوئے 20 کھلاڑیوں کو پری سیزن کیمپ میں بلایا۔ یہ خبریں بھی گردش میں ہیں کہ مصباح کو چیف سلیکٹر کا اضافی چارج بھی ملے گا۔

منگل کو لاہور میں پری سیزن کیمپ کے آغاز پر مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو لیکچر دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس اور انٹر نیشنل سیزن سے قبل کیمپ بلانے کا مقصد یہ ہے کہ کھلاڑی سپر فٹ ہوں۔

اگلے نو ماہ کے پاکستان ٹیم کے اسائنمنٹ کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی فٹنس کو بہتر بنایا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں ان کی اسکلز پر کام کیا جائے گا۔

مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو کہا کہ کیمپ میں کسی کھلاڑی کے ساتھ زبردستی نہیں کی جائے گی لیکن انہیں فٹ بناکر  انجریز سے بچایا جائے گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ چوںکہ تین ہفتے کا وقت ہے، اس لیے کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی کام کیا جائے گا۔

مصباح الحق بدھ کو میڈیا کو اپنے پلان سے آگاہ کریں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین