• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کے 3دہشتگرد گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ سول لائن کراچی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ وارانہ دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث کالعدم لشکر جھنگوی کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گرد سینٹرل جیل کراچی سے فرار ہونے والے دہشت گرد ممتاز عرف فرعون کے ساتھی ہیں۔ سی ٹی ڈی کے ٹی ٹی آئی جی یونٹ کے انچارج راجہ عمر خطاب نے منگل کو پریس کا نفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر پولیس پارٹی کے ہمراہ حب بلوچستان کے قریب ناکہ بندی کرکے پیدل کراچی آنے والے تین دہشت گردوں مرزا عمر فاروق بیگ عرف ودود، سید ذبیح اللہ عرف طالبان اور فضل رازق عرف رزاق کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا، راجہ عمر خطا ب نے بتایا کہ 3جولائی2017کو سینٹرل جیل کراچی سے کالعدم لشکر جھنگوی کے گروپ کا سرغنہ شیخ ممتاز عرف فرعون اپنے ساتھی کے ہمراہ جیل توڑ کر فرار ہوگیا تھا اور افغانستان میں روپوش تھا، انھوں نے بتایا کہ شیخ ممتاز عرف فرعون نے افغانستان سے کراچی آکر اپنا گروہ تشکیل دیا جو ان لوگوں کو ٹارگٹ کرتا تھا جن پر شبہ تھا کہ وہ پولیس کے لیے کام کرتے ہیں، 17جون 2019کو اورنگی ٹاون میں دو پولیس اہلکاروں اللہ ڈنو اور احمد کو ٹارگٹ کرکے شہید کردیا گیا ، جائے وقوعہ سے ملنے والی فوٹیج میں اریب اور فاروق کی شناخت ہوگئی تھی جس پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے معلومات حاصل کیں تو انکشاف ہوا کہ تمام ملزمان فرار ہوکر بلوچستان کے علاقے پنجگور میں موجود ہیں۔
تازہ ترین