کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کلاس اول تا آٹھ تک کی درسی کتابوں کے تمام مواد کی نظر ثانی کرنے کی منظوری دے دی ۔ منصوبے کے تحت درسی کتابوں کے مواد کی نظر ثانی کی جارہی ہے جس کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی بشمول پبلشرز،رائٹرز اور سرکاری اور نجی شعبے سے نامور ماہرین تعلیم پر مشتمل تشکیل دی گئی ہے جسے تمام مواد کو دیکھنے اور اسے جدید ضروریات کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے کا ٹاسک دیاگیاہے‘انہوں نے یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہائوس میں اسکول ایجوکیشن سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ اساتذہ کے تربیتی پروگراموں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں ۔ وہ اساتذہ کے تربیتی پروگرامز اور اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں تاکہ بہترین اساتذہ آسکیں اور ہماری آئندہ کی نسل کا تعلیمی کیریئر محفوظ ہوسکے۔ ہم اساتذہ کی تربیت کو ری ڈیزائن کرتے ہوئے تیسری دنیا بالخصوص سری لنکا کی پریکٹس اور نیا ٹرینڈ متعارف کرانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بہترین اساتذہ کی تربیتی اکیڈمی کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ وہ تھیوری،پریکٹیکل ٹیچنگ،کمیونیکیشن کے طریقے،ٹیچنگ ٹیکنیکس،طلباء اور والدین کے ساتھ ڈیلنگ کے طریقے کار اور اخلاقیات کے حوالے سے اساتذہ کے تربیتی پروگرام کو ری ڈیزائن کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دیں ۔ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن قاضی شاہد پرویز نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ کام جاری ہے اور آئندہ3ماہ میں اسے منظوری کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کیاجائے گا اور اگر اس کی منظوری دے دی گئی تو آئندہ سیشن یعنی یکم جولائی سے اسے شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ درسی کتابوں کے نئے مواد میں طلبا کے لیے اٹریکشن ہونی چاہیے تاکہ وہ اسے اچھے طریقے سے اور دلچسپی کے ساتھ پڑھیں۔