• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی زیرصدارت پولیو کا ہنگامی اجلاس

خیبرپختونخوا میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پولیو کا ہنگامی اجلاس


وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پولیو پر ہنگامی اجلاس جاری ہے۔

خیبرپختونخوا میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پولیو پر ہنگامی اجلاس جاری ہے جس میں وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شریک ہیں۔ وزیراعظم کے انسداد پولیو کے معاون بابر بن عطا نے اجلاس میں صورتحال پر بریفنگ دی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں وفاقی وزیر قومی صحت اور عالمی اداروں کے سربراہان بھی شریک ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت نے وزیراعظم کی زیرصدارت پولیو پر اجلاس کے لیے رپورٹ تیار کرلی۔ دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ سال پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا اور 10 اضلاع میں رواں سال پولیو کے 41 کیسز سامنے آئے۔

دستاویز کے مطابق بنوں ڈویژن میں 30 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 80 فیصد پولیو کیسز پختون کمیونٹی والے علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔ پشتون کمیونٹی کو پولیو سے آگاہی دینے کے لیے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پولیو کے کیسز کی بڑی وجہ سیکیورٹی صورتحال بھی تھی، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 76 پولیو ورکرز اور اہلکار شہید کیے گئے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے سینئر افسران کو مختلف ڈویژن میں متحرک کیا گیا، انکاری والدین کو راضی کرنے کے لیے با اثر افراد سے رابطے کیے ہیں۔ ڈاکٹروں، اسکالرز، اساتذہ، علماء اور عوامی نمائندوں کو والدین کو راضی کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی اور پولیو ویکیسن سے متعلق منفی پروپیگینڈا ختم کرنے کے لیے اقدامات کیےگئے۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی موجودہ ٹیم کو اپریل 2020 تک کام کرنے دیا جائے، صوبائی پولیو ٹیم 2020 تک پولیو پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔