• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

365 ایام، ٹیکس ریٹرنز میں 10 لاکھ 36 ہزار 806 کا تاریخ ساز اضافہ

اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر نے ایک سال میں آمدن ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں 69فیصد اضافہ کیا ہے جو ملکی تاریخ کا آل ٹائم ریکارڈ اضافہ ہے۔ ایف بی آر کے چیف ان لینڈ ریونیو آپریشنز بختیار محمد نے بدھ کی شام نمائندہ جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے جو سرکاری اعدادو شمار‘ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کے دیئے ہیں انکے مطابق 21اگست 2019ء (بدھ کی شام تک) ملک بھر میں سالانہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کی تعداد 25لاکھ 43ہزار 390ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ سال 21اگست کو سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد 15لاکھ 6ہزار 584تھی۔ اس طرح ایک سال میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے اشخاص‘ ایسوسی ایشنز آف پرسن‘ کمپنیوں کی تعداد میں 69فیصد آل ٹائم ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ بختیار محمد نے بتایا کہ ایف بی آر کی موجودہ قیادت نے ملک بھر کی فیلڈ فارمیشنوں‘ چاروں لارج ٹیکس پیئرز یونٹوں (کراچی‘ لاہور‘ اسلام آباد) اور پشاور‘ ایبٹ آباد‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ‘ لاہور‘ فیصل آباد‘ سرگودھا‘ ساہیوال‘ ملتان‘ بہاولپور‘ سکھر‘ حیدرآباد‘ کوئٹہ اور کراچی میں موجود 22ریجنل ٹیکس دفاتر کے چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو اور انکے کمشنروں‘ ایڈیشنل کمشنرز آف ان لینڈ ریونیو‘ ڈپٹی کمشنرز آف ان لینڈ ریونیو اور انکی ٹیموں کو سرگرم عمل رکھا جنہوں نے بہت کم عرصے میں انکم ٹیکس گزاروں کی تعداد میں 69فیصد کا ریکارڈ اضافہ کیا۔ قیام پاکستان سے لیکر اب تک کسی ایک سال میں ٹیکس گزاروں کی تعداد میں 10لاکھ 36ہزار 806ٹیکس ریٹرن فائلرز کا اضافہ نہیں ہوا۔ ان لینڈ ریونیو آپریشنز کے چیف بختیار محمد نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر سید شبر حسین زیدی‘ ایف بی آر کی ممبر انکم ٹیکس‘ سیلز ٹیکس‘ فیڈرل ایکسائز محترمہ سیما شکیل اور اُنکی ملک بھر میں موجود ٹیم نے پورے پاکستان میں کم و بیش 10لاکھ 36ہزار 806نئے ٹیکس گزاروں نے سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کرا کر ایک قومی کارنامہ سرانجام دیاہے۔ وزیراعظم عمران خان اور انکے مشیر خزانہ‘ ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اس قومی کارنامے پر ایف بی آر کے چیئرمین‘ ممبر اِن لینڈ ریونیو آپریشنز اور اُنکی ملک بھر میں موجود ٹیم کو شاباش دی ہے۔

تازہ ترین