• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بل گیٹس کاخط،وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، پولیو کیخلاف مہم میں فوج سے مددلینے کا فیصلہ


اسلام آباد (نمائندگان جنگ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پولیو کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیو کیخلاف مہم میں فوج سے مدد لی جائے گی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پولیو کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ، مرض کیخلاف بھر پور آگاہی مہم چلائی جائےکیونکہ اس مرض سے نسل متاثر ہورہی ہے ۔ وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر عطا کی ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی ۔دوسری جانب مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں ان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پولیو کسی بھی صورت دہشت گردی سے کم نہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نےعلیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ دریںاثناء وزیر اعظم کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں سرکاری ریسٹ ہاؤسز عوام کے لئے کھولنے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیو کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا جس میں معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیر اعلی خیبر پختونخوا، وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف سیکرٹری سندھ،آرمی کے انجینئر انچیف لیفٹنٹ جنرل معظم اعجاز ، سیکرٹری ہیلتھ ، اور دیگر سینئر افسران موجود بین الاقوامی پارٹنر اداروں (بل اینڈ میلنڈا گیٹس، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسیف، ای او سی) کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

تازہ ترین