• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


جنوبی امریکا کے ملک برازیل میں واقع  ایمیزون کے جنگل میں 5دن سے لگی آگ نے شدت اختیار کر لی ہے۔

ماحولیات کے سائنسدانوں نے خطرہ ظاہر کیا ہےکہ اس آگ پر جلد قابو نہ پایا گیا تو موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ کو ایک تباہ کُن دھچکا لگ سکتا ہے۔

کرہ ارض پر پھیپھڑوں کی حیثیت رکھنے والے سب سے بڑے برساتی جنگل ’دی  ایمیزون ‘میں آگ نے زمین کے ایک بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔آگ کی وجہ سے اٹھتے شعلے کئی کلو میٹر دورسے دیکھے جاسکتے ہیں۔

برازیل میں قائم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ریسرچ کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے جنگلات میں آگ کے پھیلنے کا تناسب خطرناک حد تک تیز ہے۔

ادارے کی جانب سے جار ی کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال برازیل کے جنگلات میں 72 ہزار 843 مرتبہ آگ لگ چکی ہے جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 80 فیصدسے زائد ہے۔

خطرناک حد تک بڑھی اس آگ کے نتیجے میں جہاں دنیا بھر کا ماحول متاثر ہو گا وہیں اس کے اثرات بھی دیرپا قائم رہیں گے اور انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب کریں گے۔

ماحولیات سے وابستہ ایک تنظیم گلوبل فائر ایمشن ڈیٹا بیس کے مطابق شہر میں دھوئیں کی مقدار اس قدر بڑھ چکی ہے جو خلا سے لی گئی تصویروں میں بھی دیکھی جاسکتی ہے۔

ان تمام منفی نتائج کو دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے بھی ٹرینڈز سیٹ کرنے کا بھی سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈر پر ایمازون کے لئے ٹرینڈز نمایاں نظر آتے ہیں جن میں #AmazonFire اور #PrayForTheAmazon شامل ہیں۔

تازہ ترین