• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخ مودی کو قاتل کے طور پر یاد رکھے گی، بلاول


چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گجرات میں مسلمانوں کا قاتل مودی اب کشمیریوں کو قتل کر رہا ہے، تاریخ مودی کو صرف قاتل کے طور پر یاد رکھے گی۔

اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے بھارتی وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تم فوجی بوٹوں سے آزادی کے جذبے کو ختم نہیں کرسکتے، مودی سری نگر میں جلسہ کرو، پھر عوام بتائیں گےکہ تمہاری کیا حیثیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی رائے شماری کرالو، پتہ چل جائے، باقی چھوڑو کشمیر میں گھس کر دکھادو ،9 لاکھ فوجی بھیج کر تم نے کشمیر کوجیل بنادیا، کشمیری اسیر رہنماؤں کو رہا کرو، احتجاج ان کا حق ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مودی تم پیلٹ گن سے ان کی آنکھیں اندھی کرسکتے ہو مگر خواب نہیں چھین سکتے، ٹینک کے زور پر دلوں پر حکومت نہیں کرسکتے، توپ کے گولوں سے سوچ کا قتل نہیں کرسکتے، مودی تم رہبر نہیں، رہزن ہو، تم لیڈر نہیں، قاتل ہو۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے چیئر مین پی پی نے کہا کہ ہمارے سلیکٹڈ وزیراعظم میں کشمیر کا کیس لڑنے کی صلاحیت اور اہلیت نہیں، وہ مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کی بات کرسکتا ہے جس نے ملک میں جمہوریت کا جنازہ نکالا، اس حکومت نے کشمیر کا کیس لڑنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، بھٹو کا نواسہ، بی بی کا بیٹا موجود ہے، کشمیر پر کوئی سودے بازی کی تو وہ حشر ہوگا دنیا دیکھے گی، سلیکٹڈ حکمرانوں ہوش کے ناخن لو، ورنہ عوام کے کڑے احتساب کےلیے تیار ہوجاؤ، اگر کشمیر میں ریفرنڈم کرایا جائے تو وہاں بھی لوگ ذوالفقار علی بھٹو کو ووٹ دیں گے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت اور سزا کرپشن کا الزام لگا کر سب کو جیل میں ڈال دیا، پشاور میں میٹرو پر 100 ارب لگ گئے کسی نے نہیں پوچھا، حکومت کی ناکامیوں کی قیمت عوام چکارہےہیں، خان نے کون سی کرپشن ختم کی، کون سا وعدہ پورا کیا، ایک وعدہ بھی ایسا نہیں جو خان نے پورا کیا ہو۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ریکوڈک اور رینٹل پاور کیس میں جو جرمانہ پاکستان نے ادا کرنا ہے وہ کہاں سے آئے گا، عالمی عدالتوں میں ہارنے کے بعد چھ ارب ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہے، اس لیے کہتےہیں نیب گردی اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے بارے میں قائد اعظم نے کہا یہ ہماری شہ رگ ہے، بھٹو نے اسی سرزمین پر کہا جس کے بارے میں نیند میں بھی غلطی نہیں کرسکتا، بھٹو نے کہا تھا کشمیر کےلیے ہزار سال بھی جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے، قسم کھاتا ہوں کسی صورت کسی کو بھی جناح کے خواب، بھٹو کے وژن پر سودے بازی نہیں کرنےدوں گا، آج کشمیر کے مظلوم عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

تازہ ترین