• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں ٹیسٹ میچز سے قبل محدود اوورز کی سیریز، سری لنکا کو تجویز

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو پاکستان میں کھیلنے کے لئے قائل کرنے کے لئے ایک نئی تجویز دی ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان میں سری لنکا کے کھلاڑیوں کے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے اکتوبر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوں گے۔ سری لنکا ٹیم پاکستان میں سات سے آٹھ دن قیام کرے گی۔ اعتماد بحال ہونے کے بعد دسمبر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز ہوگی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے حوالے سے سری لنکا نے ابھی کوئی حتمی جواب نہیں دیا ہے لیکن بات چیت جاری ہے۔ سری لنکن میڈیا نے وزیر کھیل ہارین فرنینڈو کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ہم پاکستان میں 3 ون ڈے میچ کھیلنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، پاکستان سری لنکا سیریز مرحلوں میں شیڈول ہے، پہلے مرحلے میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شامل ہے جب کہ دسمبر میں پاکستان نے 3 ون ڈے میچوں کی میزبانی کرنی ہے۔ پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کو پاکستان میں کرانے کے لئے بات چیت جاری ہے ۔ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی کوشش کے طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو رواں سال شیڈول سیریز کا ایک ٹیسٹ میچ پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کے میچز نیوٹرل مقام پر شیڈول ہیں البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو ان میں سے ایک میچ پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔ کراچی میں سری لنکن کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا نے سیکیورٹی رپورٹ کو انتہائی مثبت قرار دیا تھا جس سے پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہو گئے تھے۔

تازہ ترین