• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے خلاف صحافیوں کی ریلی، مشال ملک، فردوس عاشق کا خطاب

بھارت کے خلاف صحافیوں کی ریلی سے مشال ملک، فردوس عاشق کا خطاب


مظلوم کشمیریوں کے حق اور سفاک بھارت کے خلاف اسلام آباد کی صحافی برادری کی طرف سے ریلی نکالی گئی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزراء کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نازی ہٹلر کے نقش قدم پر چل رہا ہے، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارت سے کشمیر کی آزادی کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

ڈی چوک اسلام آباد میں صحافیوں کی طرف سے بھارتی جبر و استبداد کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے بھارتی جیل میں قید کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے بھی خطاب کیا۔

مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو بھوک پیاس سے مارا جا رہا ہے، بہنوں بیٹیوں کو اغوا کیا جا رہا ہے، ان کی عزت محفوظ نہیں، بچوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، سب کی آوازیں بند کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یاسین ملک جیل کے ڈیتھ سیل میں ہیں جہاں ان کی جان کو خطرہ ہے، میرا مقبوضہ کشمیر میں اپنے اہلِ خانہ سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا، پاکستانی میڈیا نے ساتھ دے کر میرا حوصلہ بے حد بلند کیا ہے۔

وفاقی وزیرِ امورِ کشمیر علی امین گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، عوام اور حکومت کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو دبا نہیں سکتا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی مشیرِ اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہر پاکستانی کا کشمیریوں کے ساتھ خون کا رشتہ رکھتا ہے، بھارت انسانی حقوق کا قاتل بن گیا ہے، مودی حکومت مقبوضہ وادی میں نسل کشی پر تلی ہوئی ہے۔

ریلی کے شرکاء نے مظلوم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے زور دار نعرے لگائے۔

شرکاء نے بھارتی وزیر اعظم کو للکار کر کہا کہ مودی تمہارے مظالم اور ہتھکنڈے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کو اب نہیں روک سکتے۔

تازہ ترین