• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کے حقوق اور مفادات کاتحفظ چاہتے ہیں، فرانس

پیرس (کے پی آئی) فرانس کے صدر امانوئیل میکرون نے پاکستان اور بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کا حل دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی ساری توجہ اس جانب مبذول ہے کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں شہری آبادی کے حقوق کا تحفظ ہو اور ان کے مفادات پہ ضرب نہ لگے۔ اس ضمن میں انہوں نے لائن آف کنٹرول کا حوالہ دیا۔ عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق فرانس کے صدر نے یہ بات چیت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران کی۔ ملاقات جی -7 کے سربراہ اجلاس سے قبل ہوئی۔ بھارت جی-7 گروپ کا باقاعدہ رکن نہیں ۔ جی-7 سربراہ اجلاس میں میں دفاعی اور کاروباری معاہدے خاصی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدر اور بھارتی وزیراعظم کے دوران ہونے والی ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی لیکن نریندر مودی نے جب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کی تو اس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کا کوئی ذکرنہیں کیا۔عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق فرانسیسی صدر نے بات چیت میں زور دے کر کہا کہ مسئلہ کشمیر دو طرفہ بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انکاکہنا تھا کہ اس ضمن میں فریقین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حالات کو خراب ہونے سے بچائیں کیونکہ اس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بھی بات چیت کریں گے۔

تازہ ترین