• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرید عباس قتل، نیب بھی معاملے کی تحقیقات کرے گا

قومی احتساب بیورو (نیب) بھی نجی نیوز چینل کے اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل اور فراڈ کے معاملے کی تحقیقات کرے گا۔

نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے متاثرین کی درخواست پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملزم عاطف زمان کے خلاف 66 متاثرین نے تحقیقات کے لیے نیب سے رجوع کیا ہے۔

نیب میں متاثرین کی جانب سے اس حوالے سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم عاطف زمان نے 1 ارب 9 کروڑ 54 لاکھ 4 ہزار 232 روپے کا فراڈ کیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم عاطف زمان نے پرکشش منافع کا لالچ دے کر لوگوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹ لی، ملزم نے رقم ہڑپ کرنے کے لیے 2 افراد کا قتل بھی کیا۔

درخواست میں نیب سے استدعا کی گئی ہے کہ عاطف زمان اس گروہ کا سرغنہ ہے، جس سے لوٹی گئی رقم متاثرین کو واپس دلوائی جائے۔

واضح رہے کہ رواں سال 9 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ملزم عاطف زمان نے ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

ملزم عاطف زمان نے اس دہرے قتل کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم اسے بچا لیا گیا ہے۔

تازہ ترین