• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرید عباس قتل کے اہم گواہ کی تدفین آج ہو گی

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کے اہم گواہ ندیم اسلم کی تدفین آج کی جائے گی۔

ندیم اسلم کے لواحقین کے مطابق ندیم کی نمازِ جنازہ آج بعد نماز ظہر کشمیر کالونی کی مقامی مسجد میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین ڈیفنس کے قبرستان میں ہو گی۔

ندیم اسلم ملزم عاطف زمان کا ڈرائیور اور مرید عباس کے قتل کا اہم گواہ بھی تھا، جس نے چند روز قبل زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی تھی اور جناح اسپتال کے آئی سی یو میں داخل تھا۔

جناح اسپتال کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق چند روز قبل ندیم کی حالت بگڑنے پر اسے اسپتال کے آئی سی یو میں وینٹی لیٹرپر رکھا گیا تھا جہاں اس کی حالت تشویش ناک تھی، تاہم گزشتہ شب اس نے دم توڑ دیا۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ندیم کو بیان لینے کے لیے تفتیشی پولیس نے طلب کیا تھا لیکن وہ نہیں آیا تھا اور اس نے زہر پی لیا تھا۔


واضح رہے کہ 9 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ملزم عاطف زمان نے ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

ملزم عاطف زمان نے اس دہرے قتل کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم اسے بچا لیا گیا ہے۔

تازہ ترین