• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو اے ای سمیت ہر ملک کو دوطرفہ تعلقات رکھنے کا حق ہے، شاہ محمود

شاہ محمود قریشی کشمیر ایشیو پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ یو اے ای سمیت ہر ملک کو دو طرفہ تعلقات رکھنے کا حق ہے۔

خانیوال میں پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے عہدے داروں اور ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا دوست ہے ، بین الاقوامی تعلقات کو جذبات سے بالاتر ہو کر دیکھنا ہوگا۔

یو اے ای سمیت ہر ملک کو دوطرفہ تعلقات رکھنے کا حق ہے، شاہ محمود
فائل فوٹو

انہوں نے کہاکہ یو اے ای کے بھارت سے اپنے تعلقات ہیں ،ہر ملک کو دو طرفہ تعلقات رکھنے کا حق ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہاکہ عرب امارات پاکستان کا ہمدرد اور کشمیر کے موقف پر ہمارے ساتھ ہے ، کشمیری عوام کی جدو جہد ضرور رنگ لائے گی، میری جلد امارتی ہم منصب سے ملاقات ہوگی ،جس میں ان کے سامنے حقائق رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے غنڈوں کو بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے، مودی سرکار کے اقدامات کے باوجود کرتار پوری راہداری کھولیں گے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ 5اگست کے بعد پوری دنیا بھارت کے اقدام کے خلاف ہے، بھارت میں مودی سرکار کیخلاف دھڑے بندیاں ہو چکی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرفیو توڑ کر نکلنے والوں پر پیلٹ گن کا استعمال کیا گیا ، پھر بھی احتجاج نہ رکا، بھارت کے پاس کشمیر میں چھپانے کو کچھ نہیں تو وہ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو وہاں کے لوگوں سے ملنے دیتے، دنیا نے دیکھا کہ مودی سرکار نے اپوزیشن کے ساتھ کیا سلوک کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ دنیا کشمیر کے انسانی المیے سے لاتعلق رہی تو مجرمانہ غفلت ہوگی، دنیا پر واضح کیا کہ بھارتی اقدام اس کے آئین اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے منافی ہے، ایران کی قیادت نے کشمیر پر بڑا ٹھوس موقف اختیار کیا ہے، اسلامی ممالک کے عوام اور سربراہان کو مقبوضہ کشمیر کی طرف توجہ دینی چاہیے، او آئی سی کو بیانات کے بعد مزید کردار بھی ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ لاہور کے بشپ نے دنیا میں مسیحیوں کو خط لکھ کرمقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ کیا ہے ،ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اجاگر کروں گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ملکی معیشت کو بہتر کرنا اوردنیامیں پاکستانی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، کشمیری عوام کی جدو جہد ضرور رنگ لائے گی، پاکستان کرتار پور راہداری کھول رہا ہے۔

تازہ ترین