• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 ٹاپ کھلاڑی طیب اسلم، فرحان محبوب، ماریہ طور پاکے اور صائمہ شوکت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

ٹورنامنٹ میں مرد اور خواتین کے سیمی فائنلز جمعرات کو ہوں گے، جہاں طیب اسلم کا مقابلہ عاصم خان سے اور فرحان محبوب کا مقابلہ عماد سے فرید سے ہوگا۔

خواتین سیمی فائنل میں ماریہ طور کا مقابلہ آمنہ فیاض سے اور مقدس اشرف کا مقابلہ صائمہ شوکت سے ہوگا۔

بدھ کو مصحف علی میر اسکواش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلے جانے والے چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنلز میں سب سے دلچسپ مقابلہ عاصم خان اور فرحان زمان کے درمیان رہا۔

عاصم خان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے حریف کو زیر کیا، دونوں کے درمیان مقابلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

طیب اسلم نے اسرار احمد کو 3-1 سے، عماد فرید نے وقاص محبوب کو 3-0 سے اور فرحان محبوب نے حارث قاسم کو صرف اٹھارہ منٹ کے کھیل میں3-0 سے ہرایا۔

خواتین کوارٹر فائنل میں مقدس اشرف اور روشانہ محبوب کے درمیان بھی سخت مقابلہ ہوا جس میں مقدس نے 3-2 سے فتح اپنے نام کی۔

ماریہ طور نے نور الہدی کو 3-0 سے اور آمنہ فیاض نے انم مصطفٰی عزیز کو 3-0 سے زیر کیا جبکہ صائمہ شوکت کے خلاف رفعت خان انجری کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوگئیں۔

تازہ ترین