انسانی جسم کا عجائب خانہ اس کا ذہن ہے۔ ہمہ وقت بیدار ذہن کو آرام صرف گہری اور پُرسکون نیند کے وقت ہی آتا ہے، جس میں بے خوابی کی شکایت جاتی رہتی ہے۔ اسی لیے معالجین نیند کو ذہن کا ٹانک کہتے ہیں۔ فوری نیند آنا اور خوابوں کے دیس چلے جانا اس بات کی علامت ہے کہ آپ دن بھر کے کاموں کو ذہن پر سوار کرنے کے بجائے ذہن کو مکمل پرسکون رکھتے ہیں۔ فوری نیند لانے کا ایک گُر یہ بھی ہے کہ ذہن کی کھڑکی بند کرکےتمام کاموں کو الوداع کہہ کر آنکھیں بند کرلی جائیں۔ بمشکل تھوڑی دیر میں ہی آپ کی حیاتیاتی گھڑی عالم ناسوت سے اپنا رشتہ توڑ کر عالم تمثال کی جانب رجوع کرتی ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی کچی نیند سے اُٹھا دے تو پھر دوبارہ سونے میں بھی کم وقت درکار ہوتا ہے۔
فوری کیسے سویا جائے؟
تھکے اعصاب کو آرام پہنچانے کے لیے ذہن کی حیاتیاتی گھڑی کو اس بات پر آمادہ کیجئے کہ آج کا دن تمام ہوا اور اب مجھے سونا ہے۔ بیرونی دنیا سے رابطے کی کھڑکی کو بند کردیں۔ آنکھیں موند کر ذہن میں 1سے 120سیکنڈ تک گنتی دہرائیں،وقت کے ساتھ ساتھ مشق پر عمل کرتے ہوئے روزانہ نیند میں جانے کے سیکنڈز کم ہوتے جائیں گے اورپھر ایک دن ایسا آئے گا کہ آپ پلکیں بند کرتے ہی خوابوں کی نگری میں چلے جائیں گے۔
ملٹری طریقہ کار
شیرون ایکرمین نے اپنی کتاب ’’ریلیکس اینڈ ون:چیمئپن شپ پرفارمنس‘‘ میں سب سے پہلے ملٹری طریقہ کار متعارف کروایا تھا۔ ایکرمین کے مطابق امریکی نیوی پری فلائٹ اسکول نے ایک روٹین ترتیب دی، جس پر عمل کرکے پائلٹس کو دو منٹ یا اس سے بھی کم وقت میں نیند آجاتی ہے۔ اس روٹین پر عمل کرنے میں تقریباً چھ ہفتے لگتے ہیں لیکن یہ کام کرتی ہے، یہاں تک کہ آپ کافی بھی پی لیں یا آس پاس بہت شور ہو، پھر بھی آپ کی نیند متاثر نہیں ہوگی۔ وقت گزرنے کے ساتھ آپ10سیکنڈ میں سونے کے قابل ہوجائیں گے۔ روٹین پر درج ذیل طریقے سے عمل کیا جاتا ہے۔
(1)آنکھیں بند کرکے چت لیٹ جائیں اور ہونٹ بند کرکے ناک سے گہری سانس لےکر چہرے بشمول منہ کے عضلات کو سکون میں لائیں۔
(2) سیدھا لیٹ کر اپنے پائوں جوڑ دیں اور اپنے ہاتھوں کو جسم کے ساتھ ملاکر رکھیں۔ سینے میں ناک سے گہری سانس بھر لیں اور سانس کو جتنا روک سکتے ہیں، روکے رکھیں۔ پھر ہونٹوں سے دھیرے دھیرے یہ تصور کرتے ہوئے سانس باہر نکالیں کہ ذہن ہر ٹینشن اور پریشانی سے آزاد ہوگیا ہے۔
(3)ٹانگوں، کاندھوں، گھٹنوں اور کلائیوں کو مکمل طور پر بستر پر ڈھیلا چھوڑ دیں۔ آنکھیں بند کرکے ذہن میں کسی حسین منظر کا تصور کریں۔
(4)یہ تصور کام نہ کرے تو 10سیکنڈ ذہن میں یہ دہراتے رہیں، ’’مت سوچو، مت سوچو، مت سوچو، تم گہری نیند میں ہو‘‘۔
8-7-4سانس کی مشقیں
(1)ہونٹ بند رکھیں۔ آہستہ آہستہ ناک سے سانس لیتے ہوئے ذہن میں 4تک گنتی گنیں اور سوچیں’’دن بھر کی پریشانی ختم ہورہی ہے‘‘۔
(2) اب سات سیکنڈ سانس روکے رکھیں، بعدازاں ’’وو‘‘ کی آواز کے ساتھ 8سیکنڈ دورانیے میں سانس کو جسم سے نکالیں۔
(3)ہر ایک مشق کے لیے خود کو چوکنا رکھنے سے باز رکھیں۔ عادت کی طرح دہرائیں۔
(4)اس چکر کو چار سانسوں میں مکمل کریںاورجسم کو نیند کی طرف مائل کریں۔
اعصاب مکمل طور پر پُرسکون رکھیں
یہ مشق ’’پروگریسیو مسل ریلیکشن‘‘ (PMR) یا ’’ڈیپ مسل‘‘ کے نام سے معروف ہے۔ اس میں آپ اعصاب کو دن بھر کی ٹینشن سے نجات دلاکر جسم کو مدہوشی سے ہمکنار کرکے ’’بے خوابی‘‘ (Insomnia) کے مرض سے نجات دلاتے ہیں۔ ساتھ ہی اپنے مسلز کو ڈھیلا چھوڑتے ہوئے پُرسکون رکھتے ہیں۔
(1)بستر پر سیدھا لیٹتے ہوئے اپنی بھنویں جتنی اُوپر اٹھا سکتے ہیں اٹھائیں ۔یوں ماتھے کے عضلات مضبوط ہوں گے۔ 5سیکنڈ خود کو اسی پوزیشن پر رکھیں، اس سے عضلات نرم پڑجائیں گے اور ذہن میں ساری ٹینشن اور پریشانی رفوچکر ہوجائے گی۔
(2) گردن سیدھی رکھتے ہوئے گھڑی کی سوئیوں کی طرح آنکھوں کو گھمائیں،اس سے آنکھوں میں موجود تھکن دور ہوجائے گی۔ یہ عمل تین سے چار بار دہرائیں۔ اس کے بعد لیٹے لیٹے ہاتھوں کو اوپر اٹھاکر گول گھمائیں، یہی عمل ٹانگوں سے کریں۔ اس کے بعد دائیں کروٹ لے کر ہاتھ کو دس بار اٹھائیں اور نیچے کریں۔ یہی عمل بالترتیب ٹانگوں سے کریںاور دس بار دہرائیں۔ اس کے بعد سیدھے لیٹ کر آنکھیں بند کریں اور پلکوں کو ڈھیلا چھوڑ کر آہستہ سانسوں کے ساتھ سوجائیں۔ یہ مشق فوری نیند کا باعث بننے کے علاوہ چہرے، کانوں، کاندھوں، ہاتھوں اور ٹانگوں کو متحرک کرے گی۔